بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب ہونا چاہیے،سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب ہونا چاہیے۔ گزشتہ پانچ برس عوام کے لیے مشکل ترین دور تھا، اس دوران قومی وحدت تار تار ہوئی، نفرتوں کے بیج بوئے گئے، نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں دھکیلا گیا، معیشت و امن و امان تباہ ہوا، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آیا، ادارے کمزور ہوئے، انصاف اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے مرضی کے معاہدے کرکے عوام کو ہتھکڑیاں پہنائیں،پالیسیوں کا تسلسل تاحال ہے، بجلی کے بل موت کے پروانے بن گئے، چینی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈبل سنچری کراس کر گئی، زرعی ملک میں اجناس کی نایابی اور آسمان سے باتیں کرتیں قیمتیں مافیاز، ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کا کیا دھرا ہے، جنہیں ہر حکومت کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے، مافیاز سیاسی پارٹیوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ان کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی گنا وصول کیا جاتا ہے، لوٹ مار کے لیے عوام کی گردن دبوچی جاتی ہے، یہ سلسلہ 75برسوں سے جاری ہے، قوم مزید ظلم برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ قرضوں کی معیشت اور سودی نظام کے ہوتے ہوئے بہتری نہیں آ سکتی۔ عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی کے ٹیرف میں فی الفور کمی کا مطالبہ کرتے ہیں، اشیائے خورونوش اور پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی آواز اور ملک کی امید ہے، ہم ہرحال میں پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے تاوقتیکہ کہ عوامی مطالبات پورے نہ ہوں، ہماری جدوجہد کی منزل اسلامی فلاحی پاکستان ہے۔ جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی لائیں گے، علاقہ کے عوام کو نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں، ظالم جاگیرداروں نے دھوکا دیا، جنوبی پنجاب کا کسان پریشان ہے، زرعی لحاظ سے مالامال علاقہ محرومیوں کی آماجگاہ بن گیا۔ جنوبی پنجاب کے عوام حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جنوبی پنجاب کے تین روزہ دورہ کے دوران امیر جماعت بجلی بلوں میں ہوشربا اضافہ اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں لیہ اور مظفرگڑھ میں بھی عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ رحیم یار خان میں امیر جماعت نے 2ستمبر کی کامیاب ہڑتال پر تاجربرادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے چترال میں امن و امان کی صورت حال کی خرابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ مثالی طور پر امن تھا جہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے۔ انھوں نے سندھ میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائم میں بے انتہا اضافہ کو بھی حکمرانوں کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، امن کے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر، امیر ضلع رحیم یار خان ڈاکٹر شیخ عمر فاروق اور صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، گزشتہ پانچ برسوں میں ملکی خزانہ لوٹا گیااور حرام سے کمائی دولت باہر بھیجی گئی۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ کرپشن، چور بازاری، مفت خوری اور مس مینجمنٹ ہے۔ مارشل لاز ادوار اور نام نہاد سیاسی پارٹیوں کے جمہوری دور حکومت میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے ذاتی مفادات کا تحفظ کیا گیا۔ سات دہائیوں سے پاکستان کو تجربہ گاہ بنایا گیا، لیکن ہر تجربہ ناکام ہوا اور تمام حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، اب ملک اور قوم مزید تجربات کے متحمل نہیں ہو سکتے، پاکستان کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں، جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے استحصالی نظام اور کرپٹ طبقات کے خلا ف جدوجہد کا آغاز کریں۔