اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران وزیر قانون کی صدر مملکت سے ملاقات معمول کا حصہ ہے،صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، آئین کے تحت انتخابات آخری مردم شماری کے تحت ہونے ہیں، آخری مردم شماری 2023ءکی ہے جس کے تحت حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔نجی ٹی وی پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن شیڈول جاری کر چکا ہے، حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو 54 دن الیکشن مہم کیلئے بھی دینا ہوں گے، غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے تیاری کر رہے ہیں، انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، موجودہ نگران حکومت ذمہ دار، قانونی و آئینی حکومت ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات بہتر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں، نگران حکومت کی مدت کا تعین آئین، قانون اور آئینی ادارے کرتے ہیں، نئی پارلیمنٹ منتخب ہوگی تو ہم قوم کی امانت ملک کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر کے چلے جائیں گے، آئین میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت کا تصور بھی پارلیمان نے دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری بہت بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، انہیں اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، کسی قسم کی کشمکش نہیں ہے، حالات بہت اچھے ہیں، کوئی اضطراب نظر نہیں آ رہا، عوام کا فیصلہ ہوگا کہ وہ کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ
پچھلی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے کچھ بڑے فیصلوں کا اختیار نگران حکومت کو دیا، عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرانا بھی ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ جس حالت میں ہمیں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو دے کر جائیں،
الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، مرتضیٰ سولنگی








