اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آبادکے مختلف علاقوں میں مسلح افواج کے حق میں بینرز آویزاں ہوگئے۔مختلف علاقوں کے دورے کے دوران ایکسپریس وے اور فیصل ایونیو پر فیض آباد سے فیصل مسجد، ڈھوکری چوک، I-9 اور سری نگر چوک تک سڑک کے ڈیوائیڈرز اور درختوں پر لگے کھمبوں پر درجنوں بینرز لٹکائے ہوئے پائے گئے۔ ابھی تک یہ معلوم ہونا باقی ہے کہ یہ بینرز کس نے لٹکائے ہیں۔رابطہ کرنے پر پولیس اور انتظامیہ کے اہلکاروں نے پہلے تو بینرز کی موجودگی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
تاہم جب کچھ اخبار نویسوں نے ان سے رابطہ کیا اور معاملے کے بارے میں دریافت کیا تو پولیس نے ایک ٹیم کو ان علاقوں میں بھیجا جس نے وہاں بینرز آویزاں پائے۔قانون کے تحت اسلام آباد میں بینرز آویزاں کرنے یا لٹکانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن اسلام آباد سے اجازت لینا ضروری ہے۔بظاہر یہ بینرز پی ٹی آئی کے جلسوں میں مسلح افواج پر تنقید کے ردعمل میں لٹکائے گئے تھے۔اس سے قبل جمعے کو مختلف سرکاری محکموں کے اہلکاروں نے بھی مسلح افواج کے حق میں مظاہرے کیے،
پولیس نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے 50 سے زائد اہلکاروں نے بھی مسلح افواج کے حق میں مظاہرے میں حصہ لیا، مظاہرین نے دوپہر کو پارلیمنٹ کے گیٹ 1 سے وی آئی پی گیٹ تک مارچ کیا۔دریں اثنا، راولپنڈی پولیس کے مطابق راولپنڈی کے بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں پاکستانی فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف وال چاکنگ بھی پائی گئی۔روات پولیس نےPPC 124-Aایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔









