اسلام آباد(اصغر چوہدری) بیرون ملک بالخصوص یورپ جانے کیلئے خواتین کے جعلی نکاح نامے تیارکروانے کا انکشاف ، میرپور آزاد کشمیر کی رہائشی خاتون نے اپنے خاوند کے ساتھ مبینہ جعلی نکاح کا بھانڈا پھوڑ دیا ،تحصیل مفتیان کا کردار بے نقاب ہو گیا ،نکاح پر نکاح ثابت ہونے کے باوجود انگلینڈ پلٹ لڑکی کو طلاق یافتہ کی چٹ تھما دی گئی،معصوم بچوں کا باپ اور اپنے سر کا سائیں بچانے کے لیئے مظلوم بیوی در در کی ٹھوکریں کھانے لگی ،وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھی داد رسی کی درخواستیں ارسال کر دی گئیں ، خاوند کے منسوخی پاسپورٹ کے لئے اتھارٹیز کو درخواست ،برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کو ویزے کے اجرا نہ کرنے کی استدعا بھی کر ڈالی۔روزنامہ ممتازکودستیاب دستاویزات کے مطابق مسماۃنرمین شاہد زوجہ اسامہ خورشید ساکن میرپور آزاد کشمیر کی شادی اکتوبر2020میں ہوئی تھی ، جن سے دو بیٹیاں پیدا ہو ئیں جو بقید حیات ہیں جن کی عمریں بالترتیب 2 سال اور 7 ماہ ہیں۔نرمین شاہد کے مطابق دو ماہ قبل مجھے میرے خاوند اسامہ خورشید خان نے مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا۔بعد ازاں مجھے علم ہوا کہ میرے شوہر مذکور نے مسماۃعلینہ منیزہ خان جو کہ برطانوی شہری ہے کے ہمراہ چوری چھپے نکاح کر لیا ہے اور برطانیہ جانے کے لیے تیاری کر رہا ہے۔تفصیلات حاصل کرنے پر معلوم ہوا کہ مسماۃعلینہ منیز ہ خان پہلے سے وقارنذیرولد محمد نذ یر ساکن بنڈلی تحصیل کھوئی رٹہ ضلع کوٹلی آزادکشمیر کے نکاح میں ہے اور اس نے مسماۃعلینہ منیزہ خان کو طلاق بھی نہیں دی۔ شرعی و قانونی اعتبار سے مسماۃ علینہ منیزہ خان وقار نذیر کی زوجہ ہے۔دستاویزات کے مطابق مسماۃعلینہ منیزہ خان مسمی وقار نذیر سے طلاق کا جواز بریڈ فورڈ شریعہ کمیٹی شریعہ کنسلٹنسی برطانیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک مبینہ لیٹر بتاتی ہے õ بریڈ فورڈ شریعہ کمیٹی شریعہ کنسلٹنسی برطانیہ نے مورخہ 10.03.2023 کے غیر دستخط شدہ اور پاکستان ایمبیسی سے غیر تصدیق شدہ لیٹر کے تحت مسماۃعلینہ منیزہ خان کو Islamic Divorce Certificate کے عنوان سے اس کی شادی جو وقار نذیر کے ساتھ ہوئی تھی کو disolvedقرار دیا مگر ساتھ ہی اس سرٹیفکیٹ میں لکھ دیا کہ مسماۃ علینہ منیزہ خان برطانیہ یا کسی اسلامی ملک میں اس وقت تک دوسری شادی نہیں کر سکتی تاوقتیکہ وہ جس ملک میں شادی کرتی ہے اس ملک کی مجاز عدالت سے پہلے خلع کی ڈگری نہ لے لے۔دستیاویزات میں اہم بات یہ بھی ہے کہ اس سرٹیفکیٹ پر جاری کرنے والے کسی شخص یا ادارے کے دستخط ہیں نہ ہی پاکستان ایمبیسی سے تصدیق شدہ ہے اس پر طرہ یہ کہ اس غیر شرعی ، غیر قانونی سر ٹیفکیٹ کو سلمہ ممتاز نامی خاتون جو اپنے آپ کو کونسلر برائے بریڈ فورڈ لکھتی ہیں سے تصدیق بھی کرایا گیا ہےõ اس تصدیق میں محترمہ اسامہ ممتازصاحبہ لکھتی ہیں کہ بریڈ فورڈ کنسلٹنسی کا سرٹیفکیٹ مولانامحمد صادق کا تصدیق شدہ اور دستخط شدہ ہے جو کہ سراسر جھوٹ ہے۔ اس سر ٹیفکیٹ پر مولانا محمد صادق کے دستخط نہ ہیں اس طرح یہ بات عیاں ہے کہ مسماۃعلینہ منیزہ خان کی شادی وقار نذیر کےساتھ ختم نہیں ہوئی ہے,کسی بھی لیٹر کی تصدیق یا تردید اس کا جاری کرنے والا فرد یا ادارہ ہی کر سکتا ہے نہ کہ ساتویں محلہ کی کوئی خاتون کو نسلر جو سراسر جھوٹ لکھ رہی ہے کہ یہ سر ٹیفکیٹ مولانامحمد یوسف کا دستخط شدہ ہے۔ محترمہ سلمہ ممتاز کی تصدیق کی مثال ایسی ہے کہ دفتر ضلع مفتی میر پور کوئی لیٹر جاری کرے اور محکمہ برقیات بھمبر اس لیٹر کی تصدیق کر دے کہ ضلع مفتی میر پور کا لیٹر درست ہے۔ دستاویزات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بریڈ فورڈ ری کنسلٹنسی کے غیر شرعی، غیر قانونی سر ٹیفکیٹ کو سب رجسٹر ار تحصیل میر پور نے عدالت مجاز کا درجہ دیا ہے اور ایک غیر دستخط شدہ اور پاکستان ایمبیسی سے غیر تصدیق شدہ لیٹر کو عدالت کا فیصلہ بنا کر طلاق کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا اور نوعیت طلاق تنسیخ نکاح از عدالت مجاز درج کردی جس کی بنیاد پر علینہ منیزہ خان نے میر پور میں 18.07.2023 کو دوسری شادی بھی کر لی۔ حالانکہ یہ سرٹیفکیٹ خود چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ علینہ منیزہ خان جس ملک میں بھی دوسری شادی کرتی ہے اس ملک کی مجاز عدالت سے خْلع کی ڈگری لینا ضروری ہے۔ مسماۃنرمین شاہدکے مطابق طلاق کے اس سر ٹیفکیٹ پر طلاق کی تاریخ 01.03.2023 مقام UK درج ہے جبکہ یہ بھی سراسر جھوٹ ہے کیونکہ 01.03.2023 کو مسماۃعلینہ منیزہ خان کے پاس کسی قسم کا کوئی طلاق یا خلع کا سر ٹیفکیٹ نہ تھا۔ خلع کا جعلی اور غیر قانونی سر ٹیفکیٹ بھی 10 مارچ 2023 کو جاری ہوتا ہے۔ مسماۃ نرمین شاہدکی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو لکھی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحصیل مفتی میر پور کی غیر شرعی اور غیر قانونی طلاق رجسٹریشن اور ایک نکاح پر دوسرا نکاح کرنے والوں کے ساتھ جانبداری اور ساز باز اس وقت اور بھی کھل کر سامنے آگئی جب وہ مورخہ 08.09.2023 کواسامہ خورشید خان کو ایک لیٹر لکھتے ہیں کہ تحصیل مفتی میر پور کی طرف سے جاری شدہ نکاح نامہ اور طلاق کی رجسٹریشن بحق اسامہ خورشید خان اور علینہ منیزہ خان مورخہ 2023. 10. 10 تک دفتر خارجہ سے تصدیق کروا کر دیں ، تصدیق نہ کروانے کی صورت میں طلاق کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائیگی۔ گویا ایک غیر شرعی اور غیر قانونی خلع نامہ ،طلاق نامہ کو دفتر خارجہ سے تصدیق کروا کر جائز قرار دے دیا جائیگا اور غیر شرعی اور غیر قانونی نکاح نامہ اور طلاق رجسٹریشن کو منسوخ نہیں کیا جائیگا۔ یادر ہے کہ دفتر خارجہ صرف ان دستاویزات کو تصدیق کرتا ہے جو بیرون ملک پیش کرنا ہوتے ہیں تحصیل مفتی میر پورا پنے ہی جاری شدہ نکاح نامہ اور طلاق رجسٹریشن کو دفتر خارجہ سے تصدیق کروا کر جائز کروانا چاہتا ہے جو سراسر غیر قانونی ہے، مزید براں جو غیر شرعی اور غیر قانونی کام سرزد ہو چکا ہے وہ صرف منسوخ ہی ہو سکتا ہے اور کسی طور پر بھی درست اور جائز نہیں ہوسکتا۔ نرمین شاہد نے بتایا کہ میں نے اپنے بڑوں کے ساتھ ضلع مفتی میر پور کے دفتر میں پیش ہو کر اس غیر شرعی اور غیر قانونی نکاح اور طلاق رجسٹریشن کے خلاف مورخہ 2023 25.08 کو اپیل کی اور درخواست کی کہ اس کو منسوخ کیا جائے مگر ضلع مفتی میر پور کارویہ انتہائی نامناسب، توہین آمیز اور جانبدارانہ تھا اور انہوں نے اس کو منسوخ کرنے سے صاف انکار کر دیا۔علاوہ ازیں مسماۃ نرمین شاہد نے ایف آئی اے کو اپنے خاوند کی منسوخی پاسپورٹ اور بڑٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کو ویزے کا اجرا نہ کرنے کی درخواست بھی دی ہے۔









