میٹا کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے چینلز نامی فیچر جون 2023 میں متعارف کرایا تھا جو اُس وقت چند ممالک تک محدود رکھا گیا تھا مگر اب اسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
اب دنیا بھر میں صارفین چینلز کو فالو کر سکیں گے اور اس کے لیے سرچ ایبل ڈائریکٹری کی مدد لے سکیں گے۔
صارفین سرچ کرکے اپنی پسندیدہ ٹیموں، مشاغل، شخصیات یا دیگر شعبوں کی اپ ڈیٹس پر مشتمل چینلز کو فالو کر سکیں گے۔
ان چینلز کے ایڈمنز کے لیے چینلز کے ذریعے ٹیکسٹ، فوٹوز، ویڈیوز، اسٹیکرز اور پولز بڑے پیمانے پر لوگوں سے شیئر کرنا ممکن ہوگا۔
150 سے زائد ممالک میں فیچر کو متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ اس میں چند نئے اضافے بھی کیے جا رہے ہیں۔
کیا اس پر ردعمل دیا جاسکے گا؟
واٹس ایپ بِیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے بعد صارفین ان اپ ڈیٹس پر رپلائی تو نہیں کرسکیں گے البتہ ردعمل ضرور دے سکیں گے۔
بیٹا صارفین کے لیے متعدد ایموجیز پیش کیے گئے ہیں جن کو استعمال کرتے ہوئے وہ اپ ڈیٹ پر تعریف، اداسی دکھانا، حیرت یا مزاحیہ رد عمل دے سکیں گے جیسا کہ فیس بک کی پوسٹ پر دیے جاتے ہیں۔
یہ فیچر فی الحال آزمائش کے لیے کچھ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے جسے جلد ہی دنیا بھر میں ریلیز کردیا جائے گا۔
واٹس ایپ نے اپنے سپورٹ پیج پر ایک نوٹ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق وہ افراد جو چینل کو فالو نہیں کرتے لیکن دیکھتے ہیں وہ بھی اپ ڈیٹ پر ایموجیز بھیج سکیں گے، یعنی اپنا ردعمل دے سکیں گے۔