اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ سراج الحق نے عالم اسلام اور پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں ماہ رمضان جیسی عظیم نعمت ملی۔ان کا کہنا تھا پہلی عید الفطر ہے جس میں ہمیں بہت الگ صورتحال کا سامنا ہے، ہر گزرتے دن کیساتھ ہماری تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں پریشان ہونا چائیے کہ ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا راستہ اپنانا چاہیے، سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا، سیاسی رہنماؤں کو عید کے موقع پر نفرت، عدم برداشت سے ایک قدم پیچھے ہٹنا ہو گا، عید پرتمام سیاسی لیڈرز اور ورکرزکو ایک دوسرے کو گلے لگانے کی ضرورت ہے۔سراج الحق نے کہا کہ یہی ہمارے نبی ؐکی سنت ہے اور اسی میں برکت اور عزت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل قومی سطح کا ڈایئلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ اس عید کے خوشی کے موقع پر تمام تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں۔
سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا، سراج الحق








