حیدرآباد :پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمرنے کہاہےکہ الیکشن کا تھوڑا بہت سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ الیکشن کا تھوڑا بہت سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن الیکشن اپنے وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔ نواز شریف کو اپنے بھائی کے دور حکومت میں پاکستان آجانا چاہئے تھا۔
سید نوید قمر نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے عوام کی نظریں الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، پہلے احتساب کے نام پر الیکشن ملتوی ہوتے رہے ، اب معیشت کے نام پر ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کاموقف بالکل واضح ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر کرائے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا کسی سے کوئی سیاسی اتحاد نہیں سب سے بات چیت چل رہی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا مکمل حق ملنا چاہئے ۔ ان کاکہنا تھا کہ جتنی پارٹیاں زیادہ ہوں گی اتنی جمہوریت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آئین کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے ، پاکستان کے عوام کے حق میں یہ بات ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں اس سے پاکستان میں معاشی خوشحالی آئے گی اور جمہوریت مستحکم ہوگی۔ ابھی جس طرح کاماحول ہے اس میں کچھ پتہ نہیں ہے کہ صبح کیا ہوگا۔








