اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں وکیل اکرام چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل 184تین میں ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت درکارتھی،پارلیمنٹ سادہ اکثریت سے آئین کے آرٹیکل نہیں بدل سکتی،لٰہذا یہ شق بھی آئین سے متصادم ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت جاری ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کر رہا ہے،درخواست گزار نیاز اللہ نیازی کے وکیل اکرام چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو مخصوص شخص کیلئے بنایاگیا،اس قانون کو خاص وجہ سے بنایا گیا ہے،ایکٹ کے سیکشن 3میں 184تین کے کیسز کیلئے ججز کمیٹی بنائی گئی ہے ،سیکشن 3سے چیف جسٹس کے آئینی اختیار پر پارلیمنٹ نے تجاوز کیا،سیکشن 3آئین سے متصادم ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا سیکشن 5نظرثانی میں اپیل سے متعلق ہے،آرٹیکل 184تین میں ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت درکارتھی،پارلیمنٹ سادہ اکثریت سے آئین کے آرٹیکل نہیں بدل سکتی،لٰہذا یہ شق بھی آئین سے متصادم ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ایکٹ سے پارلیمنٹ نے عدلیہ کی آزادی کو بلڈوز کیا،ایکٹ کے ذریعے پارلیمنٹ نے اپنے دائرے سے باہر نکلنے کی کوشش کی ہے،جب یہ ایکٹ منظور ہوا اس وقت کی پارلیمنٹ کی صورتحال دیکھنا بھی ضروری ہے،پارلیمنٹ میں کی گئی باتوں کو لائیو رپورٹ بھی کیا گیا۔








