سابق وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہاکہ 2024 میں معیشت کی بحالی کا نیا سفر شروع ہونے جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کو نئی امید ملے گی۔ کیونکہ اس وقت معیشت جس بدحالی کا شکار ہے اس سے نوجوان سخت نا امید ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 2024 میں نیا سفر شروع ہوگا، مہنگائی سے جان چھوٹے گی اور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معیشت کی بحالی کے عمل میں کامیاب ہوگا۔
عمران خان جو نسخہ اس قوم کے لیے لکھ کر گیا ہے اس کا خمیازہ بگھتنا پڑ رہا ہے، کیونکہ عمران خان نے اپنے مفاد کے لیے آئی ایم ایف کا معاہدہ ثبوتاژ کیا اور اس کے بعد پاکستان کا حال جو ہوا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت کسی نئے تجربے کی ضرورت نہیں ہے، اس وقت نواز شریف ہی ایک تجربہ کار طبیب ہیں جو پاکستان کو صحیح سمت پر لا سکتے ہیں۔









