یاض (امیر محمد خان سے )سعودی دفتر خارجہ نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی عرب متعدد فلسطینی گروپوں اور قابض اسرائیلی افواج کے درمیان بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، موجود صورت حال کی نظیر نہیں ملتی، اس کی وجہ سے فلسطین میں متعدد محاذوں پر تشدد حد سے زیادہ بڑھ گیا ہے،سعودی عرب نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی افواج اور متعدد فلسطینی گروپ شدید محاذ آرائی فورا بند کریں ، شہریوں کی سلامتی کا خیال کریں اور ضبط وتحمل کا مظاہرہ کریں۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب ماضی میں بارہا خبردار کرچکا ہے کہ مسلسل غاصبانہ قبضے ،فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھنے اور مقدس مقامات کے خلاف منصوبہ بند طریقے سے پے درپے اشتعال انگیز یوں سے صورتحال دھماکہ خیز ہوگی اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔سعودی عرب نے ایک بار پھر عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمے داری اداکرے ،معتبر امن عمل کو اس انداز سے موثر کرے جو دو ریاستی حل کا باعث بنے ،تاکہ خطے میں امن وامان قائم ہو اور شہریوں کو تحفظ حاصل ہو۔
سعودی عرب کا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان تصادم کو فوری روکنے کا مطالبہ








