اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مشرق وسطیٰ میں تشدد میں اضافہ پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ دارلحکومت القدس شریف پرمشتمل قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام سے مشرق وسطیٰ میں پائیدارامن کا قیام ممکن ہے۔
Heartbroken by the escalating violence in the Middle East, which underscores the urgent need to address the Palestine Question. We urge restraint and protection of civilians. Enduring peace in the Middle East lies in a two state solution with a viable, contiguous, sovereign State…
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) October 7, 2023
ہفتہ کواپنی ایک ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں تشدد میں اضافہ پروہ دل گرفتہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ تشدد میں اضافہ مسئلہ فلسطین کے فوری حل کی اہمیت کواجاگرکررہاہے۔نگراں وزیراعظم نے کہاکہ فریقین ضبط وتحمل کامظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے ۔
انہوں نے کہاکہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پردارلحکومت القدس شریف پرمشتمل قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے دوریاستی حل سے مشرق وسطیٰ میں پائیدارامن کا قیام ممکن ہے۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ کے روز جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی مشرق وسطی میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کواسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی صورتحال کی انسانی قیمت پر تشویش ہے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ترجمان نے مزیدکہاکہ کہ ہم عالمی برادری سے شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطی میں دیرپا امن کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔









