واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ دہشتگرد حملہ کہیں بھی ہو قابل مذمت ہے، خصوصاً تعلیمی اور مذہبی جگہوں پر حملہ زیادہ افسوسناک ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون جاری رہےگا۔بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ کئے جانے اور امریکی کمیشن کے مودی حکومت پر پابندیوں کے مطالبے سے متعلق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی کا کمیشن کوئی حکومتی ادارہ نہیں ہے، محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادی کا دفتر ان سفارشات کا جائزہ لے رہا ہے۔
یاد رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ایک خاتون خودکش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا تھا جس میں کنفیوشس سینٹر کے سربراہ سمیت 3 چینی باشندے اور ایک پاکستانی جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔









