بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گورنر پنجاب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرانے کیلئے ایک صوبیدار اور4 جوان مانگ لئے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کو گرفتار کروانے کیلئے ایک صوبیدار اور4 جوان مانگ لئے۔ عمر سرفراز چیمہ کاکہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بننے کے لیے حمزہ شہباز فارمولا قابل قبول ہے تو باقی صوبے اپنی فکر کریں، جیونیوز کے مطابق گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ مجھے ایک صوبیدار اور 4 جوان مہیا کر دیں تو میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو گرفتار کر کے جیل میں ڈلوا دوں گا۔
انہوں نے کہاکہ آئینی اور قانونی بحران کا شکار پنجاب کو طاقت کے زور پر یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے، وزیراعلیٰ بننے کے لیے حمزہ شہباز فارمولا قابل قبول ہے تو باقی صوبے اپنی فکر کریں، ایسے تو پھر اواب علوی اگلے وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیاسی جدوجہد کے دوران ہمیشہ نیوٹرل امپائر کا مطالبہ کیا، حقیقی معنوں میں نیوٹرل امپائر دونوں ٹیموں کے لیے یکساں اصول رکھتا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مجھے ایک صوبیدار اور 4 جوان مہیا کر دیں تو میں حمزہ شہباز کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالوا دوں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی تبدیلی تک صوبائی کابینہ کی تشکیل روکنے کا فیصلہ کرلیا ۔ انگریزی روزنامہ ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف اٹھانے کے بعد نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل موجودہ گورنر عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں سینئر ن لیگی رہنماء کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت جاری ہے تاہم گورنر پنجاب کی برطرفی تک یہ عمل ایک دو ہفتے کے لیے مؤخر ہونے کا امکان ہے کیوں کہ جب تک عمر سرفراز چیمہ عہدے پر ہیں وہ یقینی طور پر پنجاب کی نئی کابینہ کو حلف نہیں دلائیں گے جس کی وجہ سے ہمیں مجبوراً عدالت سے رجوع کرنا ہوگا اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوبارہ عدالت کی مداخلت کی بجائے اس مہینے کے وسط تک ان کی برطرفی کا انتظار کیا جائے۔