میانوالی(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز کررہا ہوں، 20 مئی کے بعد کسی بھی دن اسلام آباد کی کال دے سکتا ہوں۔میانوالی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اور صرف تجھ سے مدد مانگتے ہیں، اللہ نے میری قوم کو جگایا، آج عوام کا سمندر دیکھ کر اللہ کا شکرادا کرتا ہوں، اللہ کا شکرادا کرتا ہوں قوم میں شعور پیدا کر دیا، اللہ نے میری قوم کو کلمے کا مطلب سکھا دیا۔پی ٹی آئی چیئرمین کی تقریر کے دوران ڈیزل، ڈیزل کے نعرے لگائے گئے اور عمران خان نے کہا کہ حکومت ڈیزل بھی مہنگا کرنے والی ہے، میانوالی کے لوگوں نے مجھے ووٹ دے کر اسمبلی پہنچایا، جب تک زندہ ہوں میانوالی کے لوگوں کو نہیں بھول سکتا، آج تحریک حقیقی آزادی کا آغاز میانوالی سے کر رہا ہوں، حقیقی آزادی کے لیے قوم کو تیار کر رہا ہوں، جب اسلام آباد کی کال دوں گا آپ آئیں گے؟20 تاریخ کے بعد کسی بھی دن کال دے سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کی حکومت نے کنٹینر رکھے تو ہٹادوگے؟ ہمیں کوئی کنٹینر نہیں روک سکتا، 18 قتل کرنے والا رانا ثنا اللہ اور جوتے پالش کرنے والا روک نہیں سکے گا، جب تک چور جیلوں میں نہیں جائیں گے جہاد کرتا رہوں گا، امریکا سے یہ سازش شروع ہوئی تھی، میر جعفر، میر صادق کے ساتھ مل کر منتخب حکومت کو سازش کے تحت برطرف کیا گیا۔
جب تک چور جیلوں میں نہیں جائیں گے جہاد کرتا رہوں گا،عمران خان








