بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد: حماس نے 25 یرغمالی، اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا

غزہ: حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں 7 ہفتوں کے بعد 4 روزہ جنگ بندی پر پہلی بار عملدرآمد شروع ہوگیا، جنگ بندی کے دوران معاہدے کے تحت حماس نے 12 تھائی شہریوں سمیت 25 یرغمالی اور اسرائیل نے 39 فلسطین قیدیوں کو رہا کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع کردیا، حماس کی جانب سے رہائی پانے والے یرغمالیوں میں 12 تھائی شہری جبکہ 13 اسرائیلی شامل ہیں، اسرائیلی یرغمالیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
حماس 4 روز کے دوران غزہ سے 50 یرغمالیوں کو رہا کرے گا اور اسرائیلی جیلوں سے 150 فلسطینیوں کو رہائی ملے گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ۔
عرب میڈیا کی رپوٹ کے مطابق اسرائیلی حکام یرغمالیوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
تھائی وزیراعظم سیتھا تھوی سن کا کہنا ہے کہ 12 تھائی شہریوں کو رہائی بھی مل گئی۔
عرب میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے رہا تھائی لینڈ کے 12 شہری اسرائیل پہنچ گئے، تھائی شہریوں کو خصوصی طبی مراکز میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔
رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں میں 24 خواتین اور 15 کمسن بچے شامل ہیں، رہا فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا۔
قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے تحت اسرائیل ہر یرغمالی کی رہائی کے بدلے 3 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرےگا، رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اورمغربی کنارے کے شہروں میں سے ہے۔
غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد 4 روزہ عارضی جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد مصر سے براستہ رفح کراسنگ 8 ٹینکر جنوبی غزہ میں داخل ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 4 ٹینکر ایندھن اور 4 ٹینکر کوکنگ گیس کے داخل ہوئے، ٹینکرز اقوامِ متحدہ کی امدادی تنظیموں کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق آج کم از کم 200 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
عارضی جنگ بندی کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش اور ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی اور شمالی غزہ پر روزانہ چھ گھنٹے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اسرائیلی طیارے پرواز نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت عارضی جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے، عارضی جنگ بندی کا آغاز غزہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔
اسرائیلی جارحیت کے 49 ویں روز غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 800 سے بڑھ گئی۔
انڈونیشیا اسپتال میں 200 مریض اور طبی عملہ اب بھی محصور ہیں، جبالیہ میں کمال عدوان اسپتال میں نومولود سمیت 3 بچے شہید ہوئے جبکہ خان یونس میں اجتماعی قبر میں 111 فلسطینیوں کی لاشیں سپرد خاک کی گئیں۔
اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے میں 27 فلسطینی شہید ہوئے، فلسطینی صحافی بھی اہل خانہ سمیت شہید ہوئے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں 211 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں لڑائی میں 4 دن کا وقفہ جاری ہے۔

اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوچکا ہے، یرغمالیوں کے پہلے گروپ میں 13 خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ریڈ کراس یرغمالیوں کواسرائیلی فوج کے حوالے کرے گا، پہلے دن اسرائیل سے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

لڑائی میں وقفے سے پہلے خان یونس میں رہائشی عمارت پر بمباری میں 14 فلسطینی شہید ہوئے، رفاہ میں الجنینا کے علاقے میں رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا، 14 فلسطینی شہید ہوئے۔

زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 75 ہوگئی، لڑائی میں وقفے سے پہلے 24 گھنٹے میں 75 ہزار لیٹر ایندھن امدادی ٹرک داخل ہوئے، 433 غیر ملکی شہریوں کا غزہ سے انخلاء مکمل ہو گیا، 17 زخمی بھی غزہ سے مصر منتقل کردیےگئے ہیں۔