اسلام آباد/پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وزیراعظم شہبازشریف کے کپڑے بیچ کر آٹاسستاکرنے کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےانہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ کپڑوں کے بجائے لندن فلیٹس بیچ کر پاکستان پیسہ لائیں،اس سے آٹے کے علاوہ بھی مسائل حل ہو جائیں گے۔پی ٹی آئی کے رہنما و سابق وزیراطلاعات فواد چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ کرائم منسٹر کپڑوں کی بجائے اپنے اور بھائی صاحب کے لندن میں فلیٹ بیچ کر اربوں ڈالر واپس پاکستان لے آئیں اس سے آٹے کے علاوہ بھی مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے یہ نعرہ بھی درج کیا ’’امپورٹڈحکومت نامنظور‘‘ ۔دریں اثنا وزیراعظم کے بیان پر خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی آٹے سے متعلق بات پر ہنسی آرہی ہے، اب سمجھ میں آرہا ہے انہیں شوباز کیوں کہا جاتا ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے تیمور ظفر نے کہاکہ وزیراعظم کا آٹا سستاکرنے کا اعلان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اقدامات کو کاپی کرنا ہے۔
کپڑوں کے بجائے لندن فلیٹس بیچ کر پاکستان پیسہ لائیں ،پی ٹی آئی رہنماؤں کا وزیراعظم کو مشورہ








