تل ابیب: سفارتی کوششیں ناکام،حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں سات روز بعد عارضی جنگ بندی ختم ہوگئی ہے،جس کے بعد شمالی غزہ پھر دھماکوں سے گونج اٹھا،اسرائیلی فوج نے سائرن بجاکر دوبارہ جنگ شروع ہونے کا اعلان کیا۔
عینی شاہدین کےمطابق اسرائیل نے شمالی اور وسطی غزہ میں نصیرات اور بوریج پناہ گزین کیمپوں کے قریب بمباری کی،فلسطینی جنگجوؤں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7 روزہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج کے غزہ پر وحشیانہ حملوں میں اب تک 32 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس میں دو مرتبہ توسیع ہوئی اور آج جمعہ کی صبح جنگ بندی کا وقت ختم ہوگیا جس میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کےمشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کےمغربی علاقے میں بھی بمباری کی جارہی ہے جب کہ غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیارے نچلی پروازیں کررہے ہیں۔
ادھر قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سےجاری بیان میں غزہ میں جنگ بندی میں توسیع سے متعلق کسی فیصلے پر نہ پہنچنے اور جنگ بندی کے فوری بعد غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔
قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہےکہ جنگ بندی معاہدے کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے مذاکرات جاری ہیں جب کہ قطر نے یہ بھی واضح کیا ہےکہ وہ اپنے ثالث کاروں کے ساتھ ایک بار پھر انسانیت کیلئے جنگ میں وقفے کے اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔









