بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ، استحکام پاکستان پارٹی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پہلا قدم ہوگا،فردوس

لاہور(ممتازنیوز)استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) اور استحکام پاکستان پارٹی میں ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ  پاکستان کی طویل مدتی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو تعبیر دینے کے حوالے سے پہلا قدم ہوگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں میل ملاپ رہتا ہے ، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے مشاورت کرتی ہیں، ملک کی جو موجودہ صورتحال ہے خاص طور پر الیکشن کے حوالے سے جو سکیورٹی خطرات اور دہشت گردی کی جو لہر ہے وہ تمام سیاسی جماعتوں کےلئے تشویش کا باعث ہے لہذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر قومی مکالمے کی جانب بڑھیں اور آئندہ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کےلئے اتفاق رائے قائم کریں ۔ اس کے ساتھ ساتھ جہاں ایک دوسرے کےلئے گنجائش یا قربانی کی ضرورت ہو اس پر بھی بات چیت ہو ۔انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا محور اورمرکز پاکستان کے سیاسی ومعاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب محاذ آرائی اور ٹکرائو اور انتشار کی سیاست پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا چکی ہے کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک طویل المدتی پائیدار معاشی روڈمیپ کے حصول کےلئے سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور مشاورت کریں اور جہانگیر کی ن لیگ کی قیادت سے حالیہ ملاقات اسی مشاورت عمل کا پہلا دور ہے جس میں ابتدائی بات چیت ہوئی ہے اور ہم مرحلہ وار آگے بڑھیں گے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ اپنے منشور اور بیانیے کو سامنے رکھتے ہوئے دوسری جماعتوں سے کس طرح ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فی الحال کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا تاہم وسیع تراتفاق رائے موجود ہے کہ ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کو دیگر ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملا کر قومی مکالمے کا حصہ دار بنانا چاہیے ۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ آگے بڑھنے کا ایک راستہ ہے ، یہ پاکستان کی طویل مدتی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو تعبیر دینے کے حوالے سے ایک پہلا قدم ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات کو صرف الیکشن کے پیرائے میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ پاکستان کو درپیش مجموعی چیلنجز کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے ۔