بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر شرعی نکاح کیس: ’کہانیاں نہیں سنائیں، قانون بتائیں‘، جج کا وکیل سے مکالمہ

سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کے دوران جج نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمہ کیا ہے کہ کہانیاں نہیں سنائیں، قانون دیکھ کر بتائیں۔

سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی جہاں درخواست گزار خاور مانیکا اپنے وکیل رضوان عباسی کے ہمراہ پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ دو گواہان کی جانب سے آنکھوں دیکھا حال عدالت کے سامنے بتایا گیا، جج قدرت اللہ نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کیا کہ کہانیاں نہیں، قانون دیکھ کر بتائیں، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس میں سیکشن 203 سی لاگو ہوتی ہے۔

جج نے کہا کہ قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ دو گواہوں کا ہونا لازمی ہے، قانون کے ساتھ، میرے نزدیک بھی دو گواہان کی شرط پوری کرنا لازمی ہے۔

جج نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کیا کہ اگر آپ کو دلائل کے لیے وقت چاہیے تو وقت دیتا ہوں، اس معاملے میں قانون واضح ہے، کسی ججمنٹ کی ضرورت نہیں، عدالتی فیصلوں کی ضرورت تب پڑتی ہیں جب کوئی قانون واضح نہ ہو۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں نے سپریم کورٹ جانا ہے، آپ میرے دلائل سن لیں، گھر میں خاتون ملازمہ بھی تھی ٹرائل میں اس کا نام بھی آ سکتا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر خاور مانیکا کے گھریلو ملازم اور کیس کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلمبند کرا دیا۔

یاد رہے کہ 28 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں نکاح خواں مفتی سعید اور عون چوہدری نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

درخواست کا متن
واضح رہے کہ 25 نومبر کو اسلام آباد کے سول جج قدرت کی عدالت میں پیش ہو کر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف دوران عدت نکاح و ناجائز تعلقات کا کیس دائر کیا تھا، درخواست سیکشن 494/34، B-496 ودیگر دفعات کے تحت دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میراتعلق پاک پتن کی مانیکا فیملی سے ہے، بشریٰ بی بی سے شادی 1989 میں ہوئی تھی، جو اس وقت پر پُرسکون اور اچھی طرح چلتی رہی جب تک عمران خان نے بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ کے ذریعے اسلام آباد دھرنے کے دوران مداخلت نہیں کی، جو متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر اور درخواست گزار کو یقین ہے کہ اس کے یہودی لابی کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔

خاور مانیکا نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی شکایت کنندہ کے گھر میں پیری مریدی کی آڑ میں داخل ہوا اور غیر موجودگی میں بھی اکثر گھر آنے لگا، وہ کئی گھنٹوں تک گھر میں رہتا جو غیر اخلاقی بلکہ اسلامی معاشرے کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ازدواجی زندگی میں بھی گھسنا شروع ہوگیا، حالانکہ اسے تنبیہ کی اور غیر مناسب انداز میں گھر کے احاطے سے بھی نکالا۔

خاور مانیکا نے درخواست میں بتایا کہ ایک دن جب اچانک وہ اپنے گھر گئے تو دیکھا کہ زلفی بخاری ان کے بیڈ روم میں اکیلا تھا، وہ بھی عمران خان کے ہمراہ اکثر آیا کرتا تھا۔

انہوں نے درخواست میں بتایا کہ بشریٰ بی بی نے میری اجازت کے بغیر بنی گالا جانا شروع کر دیا، حالانکہ زبردستی روکنے کی کوشش بھی کی اس دوران سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

مزید لکھا کہ بشریٰ بی بی کے پاس مختلف موبائل فونز اور سم کارڈز تھے، جو چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر فرح گوگی نے دیے تھے۔

خاور مانیکا نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نام نہاد نکاح سے قبل دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ غیر قانونی تعلقات قائم کیے، یہ حقیقت مجھے ملازم لطیف نے بتائی۔

درخواست میں مزید بتایا کہ فیملی کی خاطر صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن یہ سب ضائع گئیں، اور شکایت کنندہ نے 14 نومبر 2017 کو طلاق دے دی۔

خاور مانیکا کی درخواست کے مطابق دوران عدت بشریٰ بی بی نے عمران خان کے ساتھ یکم جنوری 2018 کو نکاح کر لیا، یہ نکاح غیر قانونی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

مزید لکھا کہ دوران عدت نکاح کی حقیقت منظر عام پر آنے کے بعد دونوں نے مفتی سعید کے ذریعے فروری 2018 میں دوبارہ نکاح کر لیا، لہٰذا یہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496/ 496 بی کے تحت سنگین جرم ہے، دونوں شادی سے پہلے ہی فرار ہوگئے تھے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو طلب کیا جائے اور انہیں آئین اور قانون کے تحت سخت سزا دی جائے۔

خاور مانیکا کی درخواست پر عدالت نے 3گواہوں کو نوٹسز جاری کر دیے تھے، جن میں عون چوہدری، مفتی سعید اور خاور مانیکا کا ملازم بھی شامل ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبر (آج) تک ملتوی کر دی تھی۔