بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عام انتخابات: ایم کیوایم کا پنجاب میں امیدواروں کے انٹرویوز مرحلہ وار کرنے کا فیصلہ

 لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم) کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس منگل کو ایم کیوایم پنجاب ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایم کیوایم پاکستان کی بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے کی اور 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں صوبہ پنجاب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کی پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستوں پر غور کیاگیا۔ اجلاس نے جنوبی پنجاب، شمالی پنجاب اور وسطی پنجاب میں مرحلہ وار درخواست گزار امیدواروں کے انٹرویوز کرنے کا فیصلہ کیا اور مشاورت سے شیڈول کی تیاری پر اتفاق کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زاہد ملک نے کہاکہ ایم کیوایم متوسط غریب اور پڑھے لکھے عام پاکستانیوں کی جماعت ہے جس نے پارٹی ٹکٹ کے لئے کوئی فیس یا چندہ نہیں رکھا ہوا۔ عوام کے مسائل حل کرنے والی قیادت عوام کو عوام میں سے ہی ملے گی۔ اس لئے عوام ایم کیوایم کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ عام افراد کو سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیاجائے اور خاص طورپر پڑھے لکھے نوجوانوں کو سیاسی میدان میں مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حالات پاکستان کے عام عوام ہی حل کرسکتے ہیں اور اسکے لئے انہیں درست قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔ زاہد ملک کی سربراہی میں 8 رکنی پارلیمانی بورڈ میں صدر پنجاب عابد گجر، صدر سنٹرل پنجاب شاہین انور گیلانی، صدر اپر پنجاب متین خان صدرجنوبی پنجاب ایاز علی، سینئر نائب صدوراظہار قریشی، آغا جانی، سیکرٹری جنرل پنجاب کرامت علی شیخ شامل ہیں۔