کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے، پاکستان تمام شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان باشندوں کو بھائیوں کی طرح عزیز رکھا، پاکستان نے ترقی اور وسائل پر بوجھ برداشت کرتے ہوئے 50 لاکھ افغان مہاجرین کو 4 دہائیوں سے زائد پناہ دی۔
گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کا 9 /11 گزشتہ روز کیا گیا۔ پاکستان تمام شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لے گا، دہشت گرد اور سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی تعلقات میں افغانستان کو ہمیشہ فوقیت دی لیکن افسوس کہ افغانستان دہشتگردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدل ہیں بد بخت ہیں، دہشت گرد اسلام کے دشمن ہیں، دہشت گرد مسلمانوں کواپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے 23 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دو جوان شہید ہوئے۔
واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 6 دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑا دیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔








