بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلے کے خلاف  متفقہ قرارداد منظور

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے  مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے متعلق مودی سرکار کے اقدام کو برقرار رکھنے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مستردکردیا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی نیم خودمختاری ختم کرنے کے 5 اگست 2019 کے مودی حکومت کے فیصلے کو درست قرارد دیتے ہوئے اسے برقرار رکھا، بھارت کی سپریم کورٹ کے اس متعصبانہ فیصلے کے خلاف کشمیریوں نے بھرپور احتجاج کیا ۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے ایک اجلاس میں بھارت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی، جبکہ ہندوستانی سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل370 کے بارے میں متعصبانہ فیصلے کے بعد لائحہ عمل بنانے اورکشمیر کاز کو جاندار انداز میں اجاگر کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں حکومتی و اپوزیشن ممبران نے مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ قرار دادیں جمع کیں۔

اس فیصلے پر آزاد جموں وکشمیرکے وزیراعظم چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ پانچ اگست 2019 کے فیصلے کا تسلسل ہے ،کشمیری بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔

وزیراعظم چودھری انوارالحق نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور حریت قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی قیادت پر اعتماد کرنا چاہیے جب تک حریت قیادت موجود ہے اور جب تک میری روح اور جسم کا تعلق بر قرار ہے میں اس تحریک کے ساتھ خود کو وابستہ رکھوں گا آپ کو میرے اقدامات کو دیکھنا ہو گا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت ،حکومت پاکستان اور حریت قیادت ملکر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ٹھوس اقدامات کر ے گی۔

‎ہم وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق کی زیر قیادت حکومت کے ساتھ ملکر بھارت کے ہر اقدام کا مقابلہ کریں گے اور اسے ناکام بنائیں گے ، بھارت یسین ملک کو بھی پھانسی دینا چاہتا ہے ہمیں خدشہ ہے کہ اس سلسلے میں بھی فیصلہ جلد ہو گا۔