بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹیسٹ میچ کا تیسرا روز: آسٹریلیا کے خلاف پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، 203 رنز پر 6 آؤٹ

پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے خلاف پاکستان ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے، کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 203 رنز بنائے ہیں، اسے اب بھی کینگروز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 284 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق 62، عبداللہ شفیق 42، کپتان شان مسعود 30، بابر اعظم 21، خرم شہزاد 7، سرفراز احمد 3 رنز بنا سکے۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 487 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان کپتان پیٹ کمنز نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، محض ایک رنز اضافے کے بعد خرم شہزاد اپنے وکٹ گنوا بیٹھے، کریز پر موجود امام الحق کا ساتھ دینے بابر اعظم میدان میں اترے۔

دونوں نے مل کر اسکور کو 181 رنز تک پہنچایا، تاہم بابر اعظم 21 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور مچل مارش کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان کی جانب سے میچ میں واحد نصف سینچری بنانے والے دائیں ہاتھ کے بیٹر امام الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ 191 گیندوں پر 62 رنز بنا سکے، اس موقع پر 192 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو مچل اسٹارک نے اندر آتی ایک خوبصورت گیند پر چلتا کیا، وہ صرف 3 رنز بنا سکے۔

تیسرے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے ہیں، سعود شکیل 12 اور آغا سلمان 4 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور نیتھن لوئن نے 2،2 جبکہ مچل مارش اور کمنز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔

پاکستان نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے، اس سے قبل میزبان آسٹریلیا 487 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: شان مسعود (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال خرم شہزاد

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، مچل اسٹارک، ایلکس کیری، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ۔