بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نادرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی تردید کردی

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی تردید کردی۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نادرا نے ایسا کوئی ایکشن نہیں لیا نہ ہی کسی کورٹ نے احکامات جاری کیے ہیں، شناختی کارڈ بلاک کرنے کا ایک مکمل قانونی پروسیجر ہوتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ابھی تک نہ کوئی ایسی کارروائی ہوئی ہے نہ وزارت داخلہ نے احکامات جاری کیے ہیں، شناختی کارڈ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔
اس سے قبل خبر آئی تھی کہ حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاری رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک کر دیے۔
حکام کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ بلاک کرنے کی کارروائی پولیس کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم، مسرت جمشید چیمہ اور جمشید چیمہ شامل ہیں جن کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق زبیر نیازی، ملک ندیم عباس، غلام محی الدین دیوان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزمان شناختی کارڈ کے زریعے حاصل ہونے والی تمام سہولیات سے محروم رہیں گے۔