اسلام آباد: وزیراعظم کمیٹی کی بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ جس میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔ وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا کہ بلوچستان سے آئے مظاہرین مکمل پر امن رہیں، چند مقامی افراد نے مسائل پیدا کیے۔
کمیٹی نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خواتین شرکاء سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کمیٹی نے ان کی شکایات سنی ، تمام قانونی اور منصفانہ مسائل و خدشات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کمیٹی کے رکن وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا کہ اچھی خبر لیکر آئے ہیں، مظاہرین کو ایچ نائن اور پھرایف نائن پارک کی تجویزدی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ 23 دن سے کچھ خواتین و حضرات پریس کلب کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے، کچھ مقامی افرا نے چہرے ڈھانپ کر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے آئے مظاہرین مکمل پر امن رہے،چند مقامی افراد نے مسائل پیدا کیے۔ خواتین ارو جن کی شناخت ہوگئی ہے ان کو رہا کردیا گیا ہے، صرف وہ لوگ تحویل میں ہیں جن کی شناخت نہیں ہوئی۔
فواد حسن فواد نے کہا کہ اسلام آبادہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق رپورٹ کل عدالت میں پیش کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کے عمل سے یہ پروپیگنڈا زائل ہوگیا کہ اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہیں، آئین کے اندر رہتے ہوئے سب کو احتجاج کا حق ہے، بلوچستان میرے دل میں دھڑکتا ہے زیادہ تر نوکری بلوچستان میں کی ہے۔
واضح رہے کہ پانچ رکنی وزیر اعظم کمیٹی میں وفاقی وزرا فواد حسن فواد، مرتضیٰ سولنگی اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی وزرا انیق احمد ، جمال شاہ اور چیف کمشنر آئی سی ٹی کیپٹن (ر) انور بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔








