اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہی ہوں گے، ہم الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کے پابند ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بلوچ مظاہرین میں شامل خواتین اور بچوں کو فوری رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا، کچھ مظاہرین کو طبی سہولت فراہم کی گئی، مظاہرین میں اکثر وہ لوگ شامل تھے جن کا اسلام آباد میں اپنا کوئی گھر یا رشتہ دار نہیں تھا، ہم نے انہیں محفوظ طریقے سے کوئٹہ واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا لیکن مظاہرین نے کوئٹہ واپس جانے سے انکار کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد مظاہرین کو محفوظ طریقے سے ان کے گھروں کو بھجوانا تھا، کچھ مظاہرین اپنے رشتہ داروں کے ساتھ چلے گئے، ہم نے مظاہرین کو ان کے دیرینہ مطالبات پر بھی غور کرنے کا یقین دلایا، مظاہرین کے مطالبات دیرینہ ہیں، نگران حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ اپنی محدود مدت میں اس معاملہ کو حل کرے، مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیا ہے، امیدواروں کی جائز شکایت کا ازالہ کیا جا رہا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ جن چیزوں کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے، اس کا تدارک ہو، مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ لاءانفورسمنٹ صوبائی معاملہ ہے،صوبائی حکومت قانون کے تحت کارروائی کرتی ہے، ہم الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے مطالبہ پر الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کا اضافہ کیا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ میں کوئی ردوبدل نہیں کی،انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہی ہوں گے۔
انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہی ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی








