بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تمام سیاسی مفادات سے اوپر ہے، شازیہ مری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تمام سیاسی مفادات سے اوپر ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تخفیف غربت وزارت میں اہم پروگرام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو 2008 میں شروع کیا گیا، گزشتہ حکومت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے بے نظیر کا نام ہٹانے کی کوشش کی گئی۔
شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے چھوٹی سوچ کا مظاہرہ کیا جبکہ مہنگائی، بیروزگاری بڑھانے والی حکومت نے احساس کا نام استعمال کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بغیر قانون سازی کے پروگرام کا نام تبدیل کر کے احساس پروگرام رکھا گیا جبکہ دسمبر 2019 میں تصدیق کے بغیر ساڑھے 8 لاکھ لوگوں کو پروگرام سے نکال دیا گیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تمام سیاسی مفادات سے اوپر ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے خطاب میں بینظیر کارڈ کو اصل شکل میں بحال کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلین ٹری سونامی پر بہت سے سوالات اٹھائے گئے، بلین ٹری سونامی منصوبہ خیبر پختونخوا کی حد تک چل رہا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ پر نیب بھی تحقیقات کر رہا ہے۔انہوں نے کہ کہ پاکستان میں 2025 تک پانی کی شدید قلت ہوگی جبکہ اس وقت ملک میں شدید ہیٹ ویو ہے، ملک میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے عوام میں آگاہی نہیں دی گئی، وزیراعظم فوری کلائیمیٹ کونسل کا اجلاس بلائیں۔