اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نئے سال کی تمام تقاریب پر پابندی کا اعلان کردیا اور کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے، نئے سال کی آمد کو سادگی سے منایا جائے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔
نگران وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں نئے سال کا سورج امن و آشتی کا پیغام لے کر طلوع ہو، فلسطین کی صورتحال کے باعث پوری قوم رنج وغم میں ہے، 7 اکتوبر سے اب تک 21 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔
فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے، مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید رنج کے عالم می ہے، فلسطین میں خون ریزی روکنے کے لیے پاکستان بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
فلسطین کے لیے 2 امدادی کھیپ روانہ کی جاچکی ہے، فلسطین کے لیے تیسری امدادی کھیپ جلد بھجوائی جارہی ہے، فلسطین کے لیے امدادی کھیپ کے سلسلے میں اردون اور مصر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
نگراں وزیراعظم نے نئے سال کی تمام تقاریب پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ نئے سال کی آمد کو سادگی سے منایا جائے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، پاکستانیوں سے اپیل ہے نئے سال پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں، نئے سال کی آمد پر سرکاری سطح پر کسی بھی قسم کی تقریبات پرمکمل پابندی ہوگی۔
نگران وزیراعظم کا نئے سال کی تمام تقاریب پر پابندی کا اعلان








