بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں رن آؤٹ ہونا بالکل پسند نہ آیا۔
موہالی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان کی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو 159 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے آئے بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر رن آؤٹ ہو کر واپس جانا پڑا۔
انہوں نے دوسری گیند پر شاٹ کھیل کر رن لینے کی کوشش کی تو دوسرے اینڈ پر موجود شُبمن گِل نے بالکل بھی دلچسپی نہ دکھائی اور اس دوران روہت شرما دوڑتے ہوئے خود ہی دوسرے اینڈ پر پہنچ گئے اور یوں افغان ٹیم کو بہت ہی آسان طریقے سے انہیں رن آؤٹ کرنے کا موقع مل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما آؤٹ ہونے پر سخت غصے اور ناراض دکھائی دیے اور انہوں نے واپس جاتے ہوئے شُبمن گِل کو سخت لہجے میں اشارہ بھی کیا۔
https://twitter.com/shubhamchand768/status/1745465946972750202?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1745465946972750202%7Ctwgr%5Eaa86766ff315844730b0b6cd6785c76dd330c5f0%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fjang.com.pk%2Fnews%2F1309206
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما 14 ماہ بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی پر سب کی نظریں مرکوز تھیں۔
واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے افغان ٹیم کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی۔









