بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ثاقب نثار نے ن لیگ ،قاضی فائزنے PTIسے نشان واپس لیا

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو بلے کا نشان دینے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا، دو دن کی طویل اور اعصاب شکن
قانونی جنگ کے بعد تحریک انصاف کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، تحریک انصاف کی اپنی چند معمولی غلطیوں اور ناتجربہ کاری کے نتیجے میں پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ گیا ہے ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کے ریمارکس سے یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ پی ٹی آئی بھی نہیں رہے گی اور بلا بھی نہیں رہے گا، فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ میں دائر رٹ واپس نہ لینے کا بھی حوالہ دیا گیا اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دیگر 15ڈمی سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کا بھی چیف جسٹس نے حوالہ دیا ،دلچسپ بات یہ ہے کہ جب 9اپریل 2022کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تو اس وقت بھی عدالتیں رات کو کھلی تھیں اور آج بھی رات گئے فیصلہ سنایا گیا۔ 2018میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سینیٹ کے الیکشن میں ن لیگ سے شیر کا نشان چھینا تھا اور 2024میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بھی تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھین لیا، یہ حسن اتفاق ہے یا دونوں نے ایک دوسرے کی تقلید کی ہے ،تحریک انصاف نے جو پلان بی بنا رکھا تھا وہ ناکام ہوگیا ہے کیونکہ ایک طرف الیکشن کمیشن نے بعض قانونی نکات کا حوالہ دے کر یہ کہہ دیا ہے کہ جب کاغذات جمع کرائے گئے تو ایک پارٹی سے وابستگی کا حلف نامہ دیا گیا اب دوسری جماعت کی طرف سے ٹکٹ جمع کرانے پر قانونی کارروائی ہوگی ، تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار شیخوپورہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان سے تحریک انصاف کے ناتجربہ کار اور سیاسی بارکیوں سے نابلد وکلا اور رہنمائوں نے جو معاہدہ کیا وہ اس سے مکر گئے ہیں اور ان کا یہ کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کا نام استعمال کر کے جعلسازی کی گئی اور جعلی ٹکٹس جمع کرائے گئے،دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان رئوف حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ اختر اقبال ڈار کے ساتھ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا معاہدہ ہوا اور 30دسمبر کو اس معاہدے پر دستخط کئے گئے جس کا سارا ریکارڈ موجود ہے ، ان کا یہ الزام ہے کہ جس طرح تحریک انصاف کے باقی رہنمائوں کو اغوا کر کے پریس کانفرنسز کرائی گئیں اختر ڈار کیساتھ بھی ایسا ہی ہوا اور وہ اپنے وعدے سے مکر گئے بہر حال صورتحال دلچسپ ہے کہ بلہ نہیں تو بلے باز کی گیم کھیلی گئی ، سوشل میڈیا پر تبصرے آئے کہ عمران خان نے جیل میں بیٹھے ہوئے چھکا مار دیا ہے لیکن چند گھنٹوں بعد ہی اختر ڈار نے اپنے سابقہ پارٹی کو کلین بولڈ کردیا اور وعدے سے مکر گئے ۔اختر اقبال تحریک انصاف کیلئے اکبر ایس بابر پارٹ ٹو ثابت ہوئے ہیں اور اکبر ایس بابر نے فارن فنڈنگ کیس سے لیکر انتخابی نشان کے معاملے تک طویل قانونی جنگ لڑی اور پی ٹی آئی کے دور میں دھمکیوں کا بھی مقابلہ کیا ، لگتا ہے اختر اقبال ڈار اور اکبر ایس بابر کے درمیان بھی حالیہ دنوں میں قریبی رابطہ رہا ہے ،علاوہ ازیں ٹیکسلا کے حلقہ این اے 54میں پارٹی کارکنوں کے شدید ردعمل اور لابنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ایک یوٹرن لیا ہے اور آئی پی پی ، ن لیگ کے مشترکہ امیدوار غلام سرور خان کے بھائی صدیق خان مرحوم کے بیٹے عمار صدیق کو حلقہ پی پی 12 میں ایڈجسٹ کرنے کی بجائے معروف شخصیت شاہین اکبر خان کے بیٹے محسن ایوب کو ن لیگ کا ٹکٹ جاری کردیا ہے اور پی پی 13 میں عمر فاروق ن لیگ کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں ،غلام سرور خان کی پرانی ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں جن میں وہ ن لیگ کی ساری قیادت کو کرپٹ قرار دے رہے ہیں ، انتخابی مہم میں انہیں کافی مشکلات بھی پیش آرہی ہیں جبکہ ن لیگ کے قومی اسمبلی کے امیدوار بیرسٹر عقیل کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں رہیں ، اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد کوئی حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔