بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک میں ہنگامی صورتحال ہو تو فوج اور حکومت باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کریں ،چودھری شجاعت

  لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ق)کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ فوج کا سیاست میں کردار ہونا چاہئے یا نہیں،اگر سول حکومت ایسی سنگی صورتحال میں وسائل فراہم کرنے میں ناکام ہو تو میری نظر میں افواج پاکستان اور سکیورٹی ایجنسیز ملک کو ایسی سنگین صورتحال میں بھی خطرات سے باہر نکالنے کی ذمہ دار ٹھہرائی جائے گی۔وہ بدھ کو اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی رہنماؤں سینیٹر کامل علی آغا، جواد بھلی، شافع حسین اور رضوان ممتاز علی سے گفتگو کر رہے تھے۔چودھر شجاعت حسین نے کہاکہ آج کل سیاست اور فوج موضوع بحث بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ فوج کا سیاست میں کردار ہونا چاہئے یا نہیں،سیاست کا ڈکشنری میں مطلب اصلاح احوال ہے اور اس کا مطلب سیاسی، معاشی اور سماجی حالات درست کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہنگامی صورتحال ہو تو ملکی سلامتی اور بقا کیلئے حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان تعاون لازم ہے کہ فوج اور حکومت باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کا اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے دفاعی اخراجات کو جواز بنا کر اپنی سیاست چمکانے اور تالیاں بجوانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا جانا چاہئے لیکن افسوس ہے کہ ایسے افراد قومی مفادات کو مد نظر رکھنے کی بجائے جلسوں میں تالیاں بجوانے اور نعرے لگوانے کیلئے ملک دشمن قوتوں کو خوش ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ جہاں تک سیاسی حکومت کے فرائض کا تعلق ہے اسے چاہئے کہ وہ ملکی سلامتی اور بقا کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہاکہ جب ضرورت پڑے تو آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سکیورٹی ایجنسیز افواج پاکستان کو اپنی مدد کیلئے طلب کرے، اس سلسلے میں تمام مالی و دیگر وسائل بروے کار لائے: چودھری شجاعت حسین حکومت معاملات کو سلجھانے میں اگر ناکام ہو جاتی ہے تو ملکی سلامتی کو خطرات لا حق ہو سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ اگر سول حکومت ایسی سنگین صورتحال میں وسائل فراہم کرنے میں ناکام ہو تو میری نظر میں افواج پاکستان اور سکیورٹی ایجنسیز ملک کو ایسی سنگین صورتحال میں بھی خطرات سے باہر نکالنے کی ذمہ دار ٹھہرائی جائے گی۔