اسلام آباد: احتساب عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں مزید 2 گواہان کے بیان قلمبند کرلیے گئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔
نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر، وکیل امجد پرویز، پراسیکیوٹرز عرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت پیش ہوئے جبکہ وکلاء صفائی سردار لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
اڈیالہ جیل میں وکلاء صفائی نے گواہ فہیم پر جرح مکمل کرلی۔
عدالت نے 2 گواہان محسن اور عرفان رفاقت کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔
دوسری جانب نکاح کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ نشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی، دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی نے عدالت کے روبرو صحت جرم سے انکار کیا۔
بشریٰ بی بی کے جیل سے بغیر بتائے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے کہا کہ کیا کسی نے بشر یٰ بی بی کو نہیں بتایا کہ عدالت سے اجازت لے کر جانا ہوتا ہے؟ گزشتہ سماعت پر وارنٹ کا حکم دیا لیکن وکلا کا بھرم رکھتے ہوئے ایشو نہیں کیا۔








