بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک چین تعلقات مضبوط، تاریخی اور کثیر جہتی نوعیت کے ہیں،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس  میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور گوادر پورٹ سمیت اہم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک چین تعلقات مضبوط، تاریخی اور کثیر جہتی نوعیت کے ہیں ، انہوں  نے تائیوان پر پاکستان کے واضح اور اصولی موقف کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے “ون چائنہ اصول” کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی شکل میں تائیوان کی آزادی اور چین کے اندرونی معاملات میں دوسرے ممالک کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کی علاقائی سالمیت بالخصوص تائیوان کو چین کا ناقابل تنسیخ اور اٹوٹ انگ سمجھتا ہے، چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ  قومی اتحاد کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان تائیوان میں مضحکہ خیز انتخابات کو مسترد کرتا ہے، تائیوان میں بوگس انتخابی عمل میں وسیع پیمانے پر عوام کی عدم شرکت سے اکثریت کی رائے نہیں سنائی دی، ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا گیا۔ چیرمین سینیٹ نے کہاکہ چین کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا ہمیں ادراک ہے ۔چینی سفیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ چینی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔