اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے ایران سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ حملے کی منطق سمجھ نہیں آرہی، لگتا ہے کہ یہ توجہ ہٹانے کے لیے سازش ہے، دیکھنا ہوگا کہ حملے سے فائدہ کس کو ہوا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایرانی حدود سے حملہ انتہائی حیران کن ہے، ایران کی جانب سے حملے کا فیصلہ خطرناک ہے، حملے کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
حناربانی کھر نے کہا کہ پاکستان جیسا دوست ملک ایران کی مدد کرتا رہا ہے، ایران کو تحفظات تھے تو بات کرنا چاہیئے تھی، غزہ کے لیے تمام مسلم ممالک کو اکھٹے ہونا چاہیئے، ایران کا رویہ سمجھ سے باہر ہے، حملے کی کسی طور وضاحت نہیں ہوسکتی۔








