بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 ’’پہلے ریفارمزپھرا لیکشن‘‘نوازشریف کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں اتفاق

  لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے اہم اجلاس میں عام انتخابات اور ملک کو درپیش معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پرمشاورت کی گئی
۔وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق بدھ کو مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست ہوئی جس میں موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پرقائد محمد نوازشریف کوتفصیلی بریفنگ دی گئی حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نوازشریف کو آگاہ کیا ۔حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیاگیا توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں ۔اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا۔اجلاس نے حکومت آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراءپیش کیں ۔اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا ۔اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں اتفاق رائے پایاگیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی ،نوازشریف کی زیرصدارت حتمی فیصلوں کے لئے جمعرات کو پھر اجلاس ہوگاجس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی ،ملک کو معاشی، آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے حتمی فیصلوں کا اعلان ہوگا،تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے، ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے جلد انتخابی مطالبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں،جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہونگے۔