بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی بینک نے پاکستانی نژاد مہناز ملک کو آئی ایف سی کا رکن مقرر کر دیا

عالمی بینک نے پاکستانی نژاد برطانوی خاتون مہناز ملک کو انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کا سینکشنز بورڈ کا رکن مقرر کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سات بیرونی ججوں پر مشتمل ورلڈ بینک سینکشنز بورڈ ایک آزاد انتظامی ٹریبونل ہے جو عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں میں بدانتظامی کے تمام متنازع مقدمات میں حتمی فیصلہ ساز کے طور پر کام کرتا ہے۔

مہناز ملک کون ہیں؟
مہناز ملک پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتی ہیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کی بعدازاں وہ اسکالرشپ پر قانون کی تعلیم حاصل کرنے کیمبرج یونیورسٹی گئیں اور صرف 24 سال کی عمر میں برطانیہ میں ’لا سوسائٹی نیشنل ٹریننگ لائیرز آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے کریئر کا باقاعدہ آغاز کیا۔

مہناز ملک یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی خاتون تھیں۔

کم عمری میں ہی انہوں نے ایک کتاب بھی تحریر کی جس پر انہیں ایوارڈ ملا اور اس کتاب میں لکھی ہوئی ان کی ایک تحریر 1999 میں بی بی سی ورلڈ پر نشر ہوئی جبکہ سارک ممالک کے لیے منعقدہ ایک مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے ان کی لکھی ہوئی کہانی کو گولڈ میڈل بھی دیا گیا۔

عالمی بینک کے مطابق مہناز ملک امریکی ریاست ایسیکس میں بیرسٹر اور ثالث رہیں، وہ سرمایہ کاری اور تجارتی تنازعات میں حکومتوں اور کارپوریشنز کی نمائندگی کرنے میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔

مہناز ملک کیمبرج یونیورسٹی میں ہیوز ہال کالج کی فیلو اور ٹرسٹی بھی ہیں۔ ان کے پاس سرحد پار پیچیدہ تنازعات پر حکومتوں، کارپوریشنز اور بین الاقوامی تنظیموں کو مشورہ دینے کا 23 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔

انہوں نے متعدد سرمایہ کاری اور تجارتی تنازعات میں سرمایہ کاروں، تنظیموں اور ریاستوں کی طرف سے بطور وکیل کام کیا ہے، جن میں کورٹ آف سپورٹ آربیٹیشن (سی اے ایس)، یواین کمیشن انٹرنیشنل ٹریڈ لاء (یو این سی آئی ٹی آر اے ایل)، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس (آئی سی ایس آئی ڈی)، لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹیشن (ایل سی آئی اے) اور پی سی اے ایڈمنسٹرڈ آربیٹیشن شامل ہیں۔

انہیں قدرتی وسائل، کھیلوں کے مقابلوں، جوائنٹ وینچر پارٹنرز، شیئر ہولڈرز، بین الاقوامی تنظیموں، ادارہ جاتی قرض دہندگان، غیر ملکی سرمایہ کاری کے قوانین اور ریاستی اداروں سے متعلق تنازعات کے حل میں خاص مہارت حاصل ہے۔