اسلام آباد(طارق محمود سمیر )پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ تحریک انصاف بلاول کا ساتھ نہیں دے گی۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں جہاں عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی خواہش ظاہر کی اور واضح کیا میری رائے میں مذاکرات انہی سے کرنے چاہئے جن کے پاس اس وقت اختیارات ہیں اور وہی سارا نظام چلا رہے ہیں ۔ عمران خان کا بلاول بھٹو سے متعلق بیان اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ بلاول انتخابی مہم کے دوران بار بار تحریک انصاف کے ووٹر کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہاہے اور یہ کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے پاس نشان نہیں اور لہذا ووٹ تیر کو دیا جائے ۔ بلاول کی توپوں کا رخ ن لیگ کی طرف ہے اور وہ میاں نوازشریف پر طنز کرتے رہتے ہیں ۔ ن لیگ ابھی تک بلاول کو بچہ سمجھ کے اس کی باتوں کا جواب نہیں دے رہی ہاں البتہ کچھ جونیئر رہنمائوں نے بلاول سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ عمران خان کے اس بیان کے بعد کیا تحریک انصاف کے ووٹرز اپنے آزاد امیدواروں کو چھوڑ کے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینا پسند کریں گے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ دوسری جانب اتوار کو عمران خان نے تحریک انصاف کے ا میدواروں اور ووٹرز کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دی ہے ۔ سیاسی جدوجہد کرنا ہر جماعت کا آئینی حق ہے اور انتخابی مہم چلانے کی آزادی ہونی چاہئے ۔ تحریک انصاف کو بہت سی شکایات ہیں جن میں کافی وزن بھی ہے لیکن انتظامیہ تحریک انصاف کو کھلی چھوٹ نہیں دے رہی ، اتوار کو دیکھتے ہیں کتنے ووٹرز باہر نکلتے ہیں ، دوسری جانب شیر افضل مروت جنہیں تحریک انصاف کے بعض سینئر رہنما پسند نہیں کرتے انہوں نے شکوہ کیا کہ جو لوگ امیدوار بنے وہ انتخابی مہم کے لئے باہر نہیں نکل رہے جس پر ہمیں مایوسی ہو رہی ہے اور اس میں بالخصوص پنجاب میں صورتحال اچھی نہیں ہے ، وہاں ووٹرز کو متحر ک نہیں کیا جارہاجبکہ خیبر پختونخوا میں اچھی مہم چلائی جارہی ہے ۔بلاول بھٹو کی جانب سے300یونٹ بجلی فری دینے کے اعلانات کے بعد مسلم لیگ ن بھی متحرک ہو گئی ہے ، میاں نوازشریف کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی منشور کو حتمی شکل دے دی گئی اور اس میں سب سے اہم بات بجلی کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صرف جی ایس ٹی اور پی ٹی وی فیس کو برقرار رکھا جائے گا باقی 17مختلف قسم کے ٹیکسز ختم کر دیئے جائیں گے ۔ نوازشریف اس حوالے سے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اقتدار ملنے کی صورت میں اپنا یہ وعدہ کیسے پورا کرتے ہیں اگر ان کے ماضی کے ٹریک ریکارڈ کو دیکھا جائے تو 1990 میں جب موٹر وے کی بنیاد رکھی تھی تومخالفین نے اسے مہنگا پراجیکٹ قرار دیا اور اب نہ صرف ہر پاکستانی بلکہ بیرونی ممالک سے بھی موٹر وے کے پروجیکٹ کو سراہا جاتا ہے۔ دوسرے دور حکومت میں جب پاکستانی معاشی مشکلات کا شکار تھا کیونکہ ایٹمی دھماکوں کے بعد امریکہ اور دیگر عالمی قوتوں نے اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں لیکن نوازشریف نے بہتر مینجمنٹ سے اور جامع پالیسی تشکیل دیکر ملک کو معاشی بحران سے نکالا ، مہنگائی اور ڈالر کو کنٹرول کئے رکھا ۔2013 میں جب وہ اقتدار میں آئے تو تین بڑے چیلنجز موجود تھے ایک دہشت گردی ، دوسرا لوڈ شیڈنگ اور تیسرا معیشت کو صحیح سمت پر ڈالنا ۔ نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیکر فوجی آپریشن کیا گیا اوردہشت گردی کو بہت حد تک کنٹرول کر لیا گیا ۔ کراچی میں امن لایا گیا ، سی پیک جیسا تاریخی منصوبہ شروع ہوا جس میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ۔ گیس کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایل این جی کے معاہدے کئے گئے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے 10ہزار میگاواٹ نئی بجلی بنائی گئی ، پاور پلانٹس قائم کئے گئے ، نئے موٹرویز بھی شروع ہوئے ، فاٹا کو قومی دھارے میں لایا گیا اور آئینی ترامیم منظور کی گئیں ۔ اب بھی نئی حکومت کے لئے بہت سے بڑے بڑے چیلنجز موجود ہیں ، دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے ، جوبھی وجوہات ہوں ان کی تفصیلات لائے بغیر یہ کہنا ضروری ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ سیاسی اور فوجی قیادت کو ملکر کرنا ہوگا ۔ معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کئے بغیر عوام کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا اس وقت مہنگائی کی شرح 40فیصد کے قریب ہے اسے کیسے کم کیا جائے گا اس بارے میںبھی نوازشریف کو ایک خاکہ پیش کر دیا گیا ہے اور 27 جنوری کو وہ ایک پریس کانفرنس میں پارٹی منشور کا اعلان کریں گے جس میں پارٹی کا مستقبل کا معاشی ایجنڈا بیان کیا جائے گا ۔
بانی پی ٹی آئی نے بلاول کی امیدوں پر پانی پھیر دیا








