کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 10 نکاتی منشور کا اعلان کردیا،سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے کے منشورمیں سندھ کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منشور میں سندھ کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے، تعلیم، صحت، معیشت، زراعت اور آبپاشی کے مسائل کا پائیدار حل پیش کیا گیا، منشور خواتین، بچوں، اقلیتوں اور مزدوروں کے حقوق کا ضامن ہوگا۔
سردارعبدالرحیم نے کہا کہ منشور میں امن وامان، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی پر جامع پالیسی وضع کی گئی ہے، جی ڈی اے کے منشور کے نفاذ سے سندھ میں خوشحالی آئے گی، عوام کی فلاح وبہبود کے لیے مختلف منصوبوں کا آغاز کریں گے، صوبائی فنانس کمیشن بنائیں گے، نیشنل فنانس کمیشن کا فارمولا صوبائی فنانس کمیشن میں ہوگا۔
سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے نے مزید کہا کہ عوام کے وسائل عوام پر خرچ ہونے چاہئیں، جی ڈی اے 6 جماعتوں پر مشتمل ایک الائنس ہے، جے یو آئی، ن لیگ، ایم کیو ایم اور اے این پی سے بھی مفاہمت ہے۔








