اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ججز کے خلاف مہم کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے جس میں کسی کو ہراساں نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد میں عدلیہ مخالف مہم کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کے کنوینر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسحٰق جہانگیر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے 16 فروری کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز اور بہتان تراشی پر جاری مہم کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس کا پہلا اجلاس 17 جنوری اور دوسرا 23 جنوری کو ہوا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک سوشل میڈیا کے تقریباً 600 اکاؤنٹس پر تحقیقات ہوئی ہیں، 100 انکوائریز رجسٹرڈ کی گئیں، تقریباً 110 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے جن میں 22 سیاسی کارکنان یا سیاستدان اور 32 صحافی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک قانون کے تحت صرف نوٹس جاری کرنے کی کارروائی ہوئی ہے، جے آئی ٹی کی اب تک ہونے والی کارروائی قانون کے مطابق ہے، کسی کو ہراساں کیا گیا اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں ہے، اس پر مناسب پابندیاں ہیں، آئین کے اندر درج ہے کہ مسلح افواج اور عدلیہ کے خلاف آئین اور قانون کے دائرے سے باہر کوئی مہم نہیں چلائی جا سکتی، تنقید ہو سکتی ہے لیکن یہاں بات کردار کشی اور تضحیک کی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف جو کچھ ہوا ہے وہ کسی طور بھی تنقید کے زمرے میں نہیں آتا، تنقید تہذیب کے دائرے میں ہونی چاہہے اور بہتان تراشی سے گریز کرنا چاہیے۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے، اس وقت صرف سینیٹ موجود ہے جبکہ قومی اسمبلی کا وجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو ہراساں نہیں کیا جا رہا، قانونی نوٹس دینا متعلقہ اداروں کا اختیار ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی بننے کے بعد کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ جے آئی ٹی بننے کے بعد سوشل میڈیا پر بہتان تراشی، کردار کشی اور غلیظ حملے کرنے کی مہم میں واضح کمی آئی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایک معاملہ عوامی رائے کا ہے اور ایک معاملہ قانون کی عدالت کا ہے، قانونی سوالات قانون کی عدالت میں رکھیں گے، پبلک ڈومین میں پچھلے کئی دنوں سے ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر پروگرام ہو رہے ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ یکطرفہ طور پر حکومت، حکومتی اداروں اور اعلیٰ عدلیہ پر حملے ہوں اور ہم خاموش رہیں، حقائق سے آگاہی ضروری ہے، ہم نے حقائق سامنے رکھے ہیں، قانونی سوالات کے جواب قانون کی عدالت میں پیش کریں گے۔
ججز کےخلاف مہم کے بعد کارروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے، مرتضیٰ سولنگی








