بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کرپشن زدہ ممالک میں افغانستان کی درجہ بندی پاکستان سے بھی خراب، طالبان ترجمان پوزیشن اچھی قرار دیدی

 

کرپشن زدہ ممالک میں افغانستان کی درجہ بندی پاکستان سے بھی خراب ہے۔ تاہم طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عالمی شفافیت کے حساب سے افغانستان 162 ویں نمبر پر ہے جو کہ ایک اچھی پوزیشن ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں کرپشن میں کمی واقع ہوئی۔

انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی آرگنائزیشن کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان، 2023 کے لیے کرپشن فائٹنگ انڈیکس میں صرف 20 پوائنٹس کے کم اسکور کے ساتھ 162 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

2022 میں افغانستان 180 ممالک میں 150 ویں نمبر پر تھا۔

اس حوالے سے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر ٹوئٹ کیا ہے۔

جس میں ان کا کہنا ہے کہ افغانستان بدعنوانی سے پاک ملک ہے اور عالمی شفافیت کے حساب سے افغانستان 162 ویں نمبر پر ہے جو کہ ایک اچھی پوزیشن ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے یہ بھی لکھا کہ حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے۔

طالبان ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ افغانستان میں بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے ، لیکن کچھ ممالک میں شفافیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے حوالے سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کہنا ہے کہ سال 2023 میں کرپشن کم ہوگئی ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن انڈیکس جاری کیا، جس کے مطابق پاکستان کا اسکور دو پوائنٹس بڑھ کر 29 ہوگیا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق 2022 میں سی پی آئی میں پاکستان کا اسکور 27 تھا۔

مجموعی رینکنگ میں بھی پاکستان 140 سے 133 پر آگیا۔