اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آ ئی) کے رہنما غلام مرتضیٰ ستی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کر کے اپنے رفقا کیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر سے ملاقات کے دوران غلام مرتضی ستی کیساتھ غلام یونس ستی، عابد مجید، مصطفی لطیف ستی اور ثاقب ستی نے بھی پی پی پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہاکہ غلام مرتضیٰ ستی اور دیگررہنماؤں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں اور روالپنڈی اور اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی سرپرائز دے گی۔
انکا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سیاسی کارکنان جمہوری روایتوں کے امین رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ پی پی پی پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید نیرحسین بخاری اور آزاد کشمیر کے سابق صدر سردارمحمد یعقوب بھی موجود تھے۔
دوسری جانب ملک بھر سے 40سے زائد درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشینوں نے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔
ملک بھرکی 40سے زائد درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشینوں نے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
حمایت کرنیوالوں میں صاحبزادہ پیر احسان دانش قادری پیر آف بھلوال شریف ،مرکزی جنرل سیکرٹری مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر محمود احمد عباسی سجادہ نشین آستانہ عالیہ جنڈی شریف ،مرکزی کوآرڈینیٹر مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر سید علی حیدر حسنی سجادہ نشین شہبازپور شریف ،مرکزی ترجمان و ناظم سیاسی امور مشائخ اتحاد کونسل پاکستان خواجہ محمد فرید کوریجہ جانشین کوٹ مٹھن شریف ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر سید علی حسنین گیلانی سجادہ نشین بہگام شریف ،صدر شمالی پنجاب مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر عمار سعید سلیمانی سجادہ نشین مانگٹ شریف ،پیر سید علی نواز سجادہ نشین پیر سید بلال احمد سرکار،پیر سید محبوب شاہ کاظمی صدر تنظم اہلسنت انٹرنیشنل ، کے پی کےپیر سید علی اصغر شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ کھڑی پنہ شریف ،پیر محمد داؤد چشتی سجادہ نشین خانقاہ ایوبیہ سلطانیہ اٹک ،علامہ مخدوم پیر سید قاسم علی شاہ گیلانی سجادہ نشین حضرت شاہ چراغ لاہوری رحمۃاللہ علیہ و حضرت سخی سیدن دیپالپوری ،صوبائی صدر مشائخ اتحاد کونسل پاکستان صوبہ پنجاب صاحبزادہ میاں عرفان گجردربار عالیہ قادریہ نوشاہیہ ، پیرمحمد نوازش گجرشامل ہیں۔
اس موقع پر سید نیئر حسین بخاری نے سردار یعقوب،نذیر ڈھوکی اور سجادہ نشینوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ہمارے جلسے ہورہے ہیں،ان جلسوں سےسابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری خطاب کررہے ہیں ، 40سے زائد درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشینوں کی پی پی کی حمایت پر ان کا شکر گذار ہوں۔
ہم علمااور مشائخ کی خدمات کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انتخابات کے دوران مباحثے ہوتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے بھی ن لیگی قیادت کو اقتصادی پروگرام پر ڈیبیٹ کے لیے کہا ،ن لیگ ڈیبیٹ سے بھاگ رہی ہے، اس کے پاس اقتصادی ایجنڈا نہیں ہے۔








