پشاور: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ نے بہت سے آرڈر دیے ہیں اس کی خلاف ورزی ہورہی ہے، ایک ادارہ کہتا ہے ہم نے احکامات نہیں ماننے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی تو اس پر کمپرومائز نہیں کرسکتا۔ اگر عدالتی احکامات نہیں مانے گے تو پھر ہم استعفیٰ دیکر عزت سے چلے جائیں گے۔ عدالت نے سلمان شنواری سے متعلق درخواست پر سماعت کل 2 بجے تک ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری کوہاٹ سلمان شنواری کی احاطہ عدالت سے مبینہ گرفتاری کےخلاف درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سلمان شنواری کے بھائی کے مطابق انسپکٹر منظور نے ان کو گرفتار کیا ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ تمام ایجنسیز سے رابطہ کیا انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ بندہ نہیں ہے، تحریری طور پر جواب جمع کروں گا، اس کے لئے وقت دیا جائے۔
جس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ابراہیم خان نے کہا کہ آپ جواب جمع کریں، اگر نہیں ملا، پھر ہم ان لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
دوران سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ پھر ہم یہ بھی دیکھے گے کہ ان کے خلاف کیسے کارروائی کرسکتے ہیں، آپ اس پر بھی عدالت کی معاونت کریں گے۔
انھوں نے مزید ریمارکس دیے کہ اس کے لئے لارجر بینچ تشکیل دینگے جتنے ججز دستیاب ہونگے اس پر مشتمل لارجر بینچ بنائیں گے، اے جی صاحب جوڈیشری کی عزت کا خیال رکھیں، ملک میں اکیلا ایک ادارہ کچھ نہیں کرسکتا۔
ریمارکس میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے بہت سے آرڈر دیے ہیں اس کی خلاف ورزی ہورہی ہے، ایک ادارہ کہتا ہے ہم نے احکامات نہیں ماننے، اگر عدالتی احکامات نہیں مانے گے تو پھر ہم استعفی دیکر عزت سے چلے جائیں گے۔
اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے کہا تھا کہ آج 3 بجے تک ہمیں رپورٹ دیں، اگر نہیں دی تو پھر کل لارجر بینچ بنا دینگے اور اس کیس کو سنے گا۔








