بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ کاشاہدخاقان کے بغیر مری میں کامیاب پاورشو،سردی کےباوجود لوگ امڈآئے

مری(ممتازنیوز)ملکہ کوہسار میں مسلم لیگ(ن) کا کامیاب پاورشو،سردی کےباوجود بھاری تعداد میں لوگ امڈآئے،جی پی اوچوک،مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ تھی، اطراف کی عمارتوں کی بالکونیوں اور چھتوں پر بھی لوگ موجود تھے، ن لیگ کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نوازایک روزقبل ہی مری پہنچ گئے تھے ،نوازشریف کے خطاب کے دوران این اے 51 سے ن لیگ کے امیدوار اسامہ اشفاق سروران کے داہیں جانب جب کہ پی پی 6 سے امیدوار بلال یامین ستی بائیں جانب کھڑے رہے ، مسلم لیگ(ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب بھی سٹیج پرموجود تھیں ،واضح رہے کہ طاہرہ اورنگزیب کے شوہر اور مریم اورنگزیب کے والد راجہ اورنگزیب(مرحوم) کا تعلق بھی مری سے تھا،جلسے سے اپنے خطاب کے دوران نوازشریف اور مریم نواز نے مری اوراہلیان مری سے اپنی وابستگی اور لگاؤ کا برملااظہارکیا،نوازشریف نے کہاکہ مری میں اتنی سردی کے باوجود بھی لوگ یہاں موجود ہیں، کل میں مری پہنچا راستے میں بہت ٹریفک تھا۔انہوں نے کہا کہ 1985 میں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو پہلا منصوبہ راولپنڈی سے مری روڈ تھا، مری میرا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے لوگ بھی مجھے بہت پیارے ہیں، 1950 میں پیدائش ہوئی تو 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا، لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں۔ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ مری پاکستان کا حسن ہے، مری پنجاب اور نوازشریف کا بھی دل ہے، مری ہر موسم میں سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے، ترقی مری کا حق ہے، مری کو یہ حق مل کررہے گا۔  مریم نواز نے مزید کہا کہ پورے پاکستان کی طرح مری میں بھی گھس بیٹھیے آگئے تھے، پچھلے کچھ سال میں ٹمبر اور بلڈنگ مافیہ مری میں آگیا تھا، مری والوں نے ٹمبر اور بلڈنگ مافیا کو مار بھگانا ہے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ مری والوں کی ساری مشکلات آسان کریں گے، آپ نے نوازشریف کو خدمت کا موقع دیا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، مری کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنا کر دیں گے، چاہتے ہیں مری میں کالج اور یونیورسٹی بنے، مری میں لوگ سردی سے مررہے تھے بے حس حکمرانوں کے کان پر جوں نہیں رینگی۔یہ امرقابل ذکر ہے کہ پہلی بار مری میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے شاہدخاقان عباسی کی موجودگی کے بغیر پاورشوکیا ،سیاسی مبصرین جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن مری حق نواز عباسی کی زیر صدارت اس جلسے کو انتہائی کامیاب قرار دے رہے ہیں۔