اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کا بیان افسوسناک ہے، انتخابات میں ہمارا کوئی امیدوار نہیں ،لیول پلینگ فیلڈ پر سیاست ہو رہی ہے۔ نجی ٹی وی کوانٹرویومیں مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ انتخابات کے موقع پر حکومت کی طرف سے موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، اگر کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو مقامی انتظامیہ صورتحال کا خود جائزہ لے کر فیصلہ کر سکتی ہے، غیر معمولی صورتحال غیر معمولی حل کا تقاضا کرتی ہے لیکن ابھی تک ایسی کوئی غیر معمولی صورتحال موجود نہیں ۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا ہوتا ہے، حکومت پاکستان، اس کے متعلقہ ادارے اور الیکشن کمیشن جھوٹی خبروں پر باقاعدگی سے وضاحت جاری کرتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ سیکورٹی سنجیدہ معاملہ ہے، کابل میں افغان طالبان کی عبوری حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستان میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا، صرف گزشتہ برس دہشت گردی کے تقریباً 1500 واقعات ہوئے، گزشتہ شب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں پولیس کے جوان شہید ہوئے، حال ہی میں بلوچستان کے علاقے مچھ میں 24 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے پاکستان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مشکل اور سخت ترین حالات میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، 2007ءکے انتخابات بے نظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ التواءکا شکار ہوئے، 2013ءکے انتخابات اس سے بھی زیادہ خراب صورتحال میں ہوئے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ جاری ہے، دہشت گردی کے واقعات سے حکومت پاکستان، ریاست اور سیکورٹی فورسز کے عزم میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ابھی تک حل طلب ہے، پچہتر سال قبل بھارتی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں وعدہ کیا تھا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جائے گا، وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ 5 اگست 2019ءکو بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا بھارتی آئین میں آرٹیکل 370 کو ختم کر کے کشمیریوں کے حقوق سلب کئے گئے، حکومت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی کا بیان افسوسناک ہے، انتخابات میں ہمارا کوئی امیدوار نہیں، انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں، ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جا رہا، ہماری پوری کوشش رہی ہے کہ کسی کو شکایت کا موقع نہ ملے، شکایت کرنا پاکستان کے سیاسی کلچر کا حصہ ہے، مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہمسلم لیگ (ن) کو سندھ میں، پیپلز پارٹی کو پنجاب اور مولانا فضل الرحمان کو کے پی کے میں لیول پلینگ فیلڈ کی شکایات ہیں، لیول پلینگ فیلڈ پر سیاست ہو رہی ہے، مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہمجھے یقین ہے جب پاکستان کے عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور اپنی پسند کی جماعتوں کو ووٹ دیں گے تو نتائج خود بولیں گے، انتخابات 2024ءکے لئے ووٹرز کی تعداد پچھلے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ہے، صرف خواتین ووٹرز کی تعداد میں 20 لاکھ کا اضافہ ہوا، الیکشن 2024ءکیلئے کاغذات نامزدگی جمع اور منظور ہونے کی شرح پچھلے انتخابات سے زیادہ ہے، مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ مقامی اور غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کی سہولت کے لئے ہیلپ لائن قائم کی ہے، عوام اپنے ووٹ کا صحیح طریقے سے استعمال کریں، ووٹ دینا حب الوطنی کا تقاضا ہے، جب آپ ووٹ دیتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو محب وطن ثابت کرتے ہیں ،آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ الیکشن کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی گئیں لیکن ہم نے مستقل مزاجی سے کہا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، پاکستان کے عوام 8 فروری کو اپنی رائے کا اظہار کریں گے، جو جماعت جہاں کامیاب ہوگی وہیں اپنی حکومت بنائے گی، قومی اسمبلی جیسے ہی قائد ایوان منتخب کرے گی اور وزیراعظم اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں گے تو نگران حکومت تحلیل ہو جائے گی، منتخب حکومت کو اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کے بارے میں ہینڈ اوور نوٹ دے کر جائیں گے، پاکستان کے عوام اور منتخب پارلیمان پاکستان کے سیاسی اور جمہوری مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
بلاول کا بیان افسوسناک ، انتخابات میں ہمارا کوئی امیدوار نہیں ،لیول پلینگ پر سیاست ہو رہی ہے،مرتضیٰ سولنگی








