لاہور: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے 3 سال کیلئے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے امکانات کو ظاہر کیا جارہاہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق محسن نقوی کے چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث نے جنم لے لیاہے اورکہا جارہاہے کہ جلد ہی بابراعظم ایک مرتبہ پھر سے قومی کرکٹ ٹیم کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے ۔
اس حوالے سے سینئر صحافی قادر خواجہ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ’’ بابراعظم جلد دوبارہ کپتان بنے گا ، بلیک میلرز اب بس دیکھیں اور انتظار کریں۔
دوسری جانب یہ امر توجہ طلب ہے کہ ممکنہ طور پر دائریکٹر محمد حفیظ کی نوکری بھی خطرے میں آ گئی ہے جس کا اظہار سینئر صحافی نے اپنے ایک پیغام میں مبہم الفاظوں کا استعمال کرتے ہوئے کیا ۔
محسن نقوی جب چیئرمین منتخب ہونے کے بعد کرکٹ بورڈ پہنچے تو وہاب ریاض نے محمد حفیظ کو نومنتخب چیئرمین سے ملوانے کی کوشش کی لیکن نگران وزیراعلیٰ نے ملاقات میں خاصی دلچسپی نہیں دکھائی ۔
محسن نقوی اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب ہیں اور الیکشن کے بعد وہ باقاعدہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔








