اسلام آباد: عام انتخابات 2024ء کیلئےپولنگ میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، آئیے جانتے ہیں کہ اہم سیاسی رہنما ئوں میں سے کون ،کہاں ووٹ کاسٹ کرے گا؟
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن مہم ختم ہوتے ہی سیاسی جماعتوں کے سربراہان سمیت اہم رہنما اپنے علاقوں میں واپس جا چکے ہیں اور آبائی حلقوں میں ووٹ پول کرنے کو تیار ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، مریم نواز ، حمزہ شہباز ، وزیراعلی ٰپنجاب محسن نقوی اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان لاہور میں ووٹ پول کریں گے ۔
سابق صدرآصف زرداری نواب شاہ جب کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو لاڑکانہ میں ووٹ ڈالیں گے ۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق دیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدرایمل ولی خان چارسدہ میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
صدر عارف علوی کراچی ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی چاغی ، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف گوجرخان راولپنڈی ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ملتان ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نوشیرو فیروز میں ووٹ کاسٹ کریں گے ۔
ان کے علاوہ سربراہ استحکام پارٹی جہانگیر ترین لودھراں ، سربراہ فنکشنل لیگ پیر پگاڑا خیر پور، سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین گجرات ، سربراہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی محمود اچکزئی قلعہ عبداللہ اورسربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نوشہرہ کےآبائی حلقے میں ووٹ ڈالیں گے ۔ چودھری نثار علی خان اور ن لیگ کے رہنما چودھری نعیم اعجاز چکری راولپنڈی آبائی حلقے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔
دوسری جانب 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن، تحریک استحکام پاکستان اور تحریک نصاف کے متعدد سنئیر رہنما اپنی اپنی جماعت کو ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ووٹ نہ ڈال پانے والوں میں سابق وزیر اعظم، سابق وزیر اعلیٰ، سابق گورنر اور متعدد سابق صوبائی وزراء شامل ہیں۔ متعدد سیاسی شخصیات حلقہ مختلف ہونے اور بعض گرفتاری یا مفروری کے باعث ووٹ ڈالنے سے محروم رہیں گے۔
ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا ووٹ این اے 128 میں رجسٹرڈ ہے۔ نواز شریف یہاں سے قومی اسمبلی کی نشست کیلئے اتحادی امیدوار عون چودھری کو ووٹ کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا بھی ووٹ این اے 128 میں درج ہے۔
سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف بھی حلقہ این اے 128 میں ووٹ درج ہونے کے باعث قومی اسمبلی میں عون چودھری کو ووٹ ڈالیں گے۔ حمزہ شہباز بھی این اے 128 کی قومی اسمبلی کی نشست پر لیگی امیدوار نہ ہونے کے باعث اتحادی امیدوار عون چودھری کو ووٹ کریں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان کاحلقہ این اے 120 میں ووٹ درج ہے۔ وہ سے نون لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق کو ووٹ ڈالیں گے۔سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ بھی حراست میں ہونے کے باعث پنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔
سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد الیکشن تو لڑ رہی ہیں مگر حراست میں ہونے کے باعث اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گئیں۔ سابق صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال الیکشن لڑ رہے ہیں مگر روپوش ہونے کے باعث اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ سابق وزیر میاں محمود الرشید حراست میں ہونے کے باعث اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔








