اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، لیکن کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
منگل کو کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن نے ہمیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں وفاقی حکومت میں شامل ہو سکیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے، مینڈیٹ نہ ہونے کے باعث میں وزیر اعظم کا امیدوار نہیں ہوں، خود کو وزیراعظم کی دوڑ میں شامل نہیں کرتا۔ہمارا اصولی فیصلہ ہوا کہ ملک کو بحران سے نکالنا ہے، ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی کے ساتھ بات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس اعلان کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت بننے کا امکان ختم ہو گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ہم سیاسی بحران کو جنم نہیں دیں گے، نئے الیکشن اور سیاسی بحران سے بچنے کے لیے حکومت سازی میں تعاون کریں گے، پیپلز پارٹی سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتی، اگر کوئی پارٹی حکومت نہ بنا سکی تو نیا الیکشن ہو گا۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق چلے گی، پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں وزارتیں نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن جیسا بھی ہوا عوام نے حصہ لیا، عوام اب مزید عدم استحکام نہیں چاہتی۔ پیپلز پارٹی وزارتیں نہیں لے گی لیکن ایشو ٹو ایشو حکومت کا ساتھ دے گی۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا پیپلز پارٹی کوئی آئینی عہدہ بھی نہیں لے گی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ تو جماعت کرے گی لیکن وہ چاہتے ہیں آصف علی زرداری ملک کے صدر کا عہدہ سنبھالیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ آصف زرداری ملک کے صدر بنیں۔ ملک میں آگ ہے، پاکستان جل رہا ہے اور کوئی اس آگ کو بجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے تو وہ آصف زرداری ہیں۔ ملک کے لیے ضروری ہے آصف زرداری صدر بنیں اور ملک کو بحران سے نکالیں۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھاکہ ہم چاہیں گے کہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم اپنی مدت پورے کریں، دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تو کوئی سیاسی جماعت نتائج قبول نہیں کرے گی۔ان کا مزید کہناتھاکہ پیپلزپارٹی چیئرمین سینیٹ، صدرمملکت اور اسپیکرکے لیے امیدوار کھڑے گی، خواہش ہےآصف زردار ی صدرمملکت کے عہدے کے لیے الیکشن میں حصہ لیں۔









