اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ نے معاشی صورتحال پر اپوزیشن کی تنقید کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ایجنڈہ عوام کو گمراہ کرنا ہے۔عالیہ حمزہ نے معاشی اعشاریے بھی جاری کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال جولائی سے فروری تک برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے،پاکستان کی برآمدات 20 اعشاریہ 55 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں،پیپلز پارٹی حکومت کے آخری 8 ماہ میں برآمدات سے موجودہ برآمدات 4 اعشاریہ 6 ارب ڈالر زیادہ ہیں،ن لیگ کے دور کے آخری 8 ماہ سے 5 اعشاریہ 7 ارب ڈالر زیادہ ہیں۔ ۔ عالیہ حمزہ نے کہا کہ فروری 2022 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 37 فیصد اضافے کے ساتھ 1.68 ارب ڈالر ہو گئیں ہیں،گزشتہ مالی سال فروری میں برآمدات 1.2 ارب ڈالر تھیں،8 ماہ میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس 12.61 ڈالر ہو گئی، گزشتہ مالی سال یہ 10 ارب ڈالر تھیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں،تجارتی خسارہ 10 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، موجودہ دور حکومت میں درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اپوزیشن ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے ۔