لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا کے خلاف سرکاری خرچ پر دورہ لندن پر مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔مقدمے کے لیے درخواست یاسین نامی شہری کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو دی گئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا نام شامل ہے۔ درخواست کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کابینہ کے ساتھ سرکاری خرچ پر اشتہاری سے ملنے گئے، مفرور شخص سے مل کر ملک میں افراتفری پیدا کی جا رہی ہے۔شہری نے کہا کہ مفرور اور اشتہاری کو ملنا قانونی طور پر جرم ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا ان دنوں لندن میں ہیں جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔دورہ لندن کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کا ملکی سیاسی صورتِ حال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
سرکاری خرچ پر دورہ لندن، وزیراعظم اور وزرا کے خلاف مقدمے کیلئے درخواست دائر








