کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، الیکشن کمیشن نے این اے 240 کورنگی کے ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کی امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ آفیسر عبدالرزاق نے این اے 240 کے ضمنی انتخاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ بانو کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے، دوسری جانب ایم کیوایم کے تمام 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔ ریٹرننگ آفیسر نے تحریک انصاف کی امیدور سیدہ بانو کے کاغذات نامزدگی تجویز اور تائید کنندہ کے دستخط جعلی ہونے پر مسترد کیے، ریٹرنننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ تجویز اور تائید کنندہ اپنے دستخط کی تصدیق کیلئے پیش بھی نہیں ہوئے۔
آر او نے آزاد امیدوار ندیم ساجد اور نذرعباس کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے جبکہ مختلف جماعتوں کے 39 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
خیال رہے کہ این اے 240 کورنگی کی نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اقبال محمد علی خان کافی عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
این اے 240 کورنگی کے ضمنی الیکشن کےلئے پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا








